مغربی بنگال کی 3 راجیہ سبھا سیٹوں پر ضمنی انتخاب کا اعلان، جانیں کب ہوگی ووٹنگ اور گنتی
8 جون کو ٹی ایم سی کے راجیہ سبھا رکن سکھیندو شیکھر رائے نے عہدے اور پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد 10 جون کو سشمیتا دیو اور ایک روز بعد 11 جون کو پرکاش چِک نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے مغربی بنگال کی 3 راجیہ سبھا سیٹوں پر ضمنی انتخاب کا اعلان کریا ہے۔ کمیشن کے مطابق ان سیٹوں پر 24 جولائی 2026 کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک ووٹنگ ہوگی اور اسی روز شام 5 بجے ووٹوں کی گنتی بھی کی جائے گی۔ انتخابی شیڈول کے تحت 7 جولائی کو نوٹیفکیشن جاری ہوگا، جبکہ کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 14 جولائی طے کی گئی ہے۔ 15 جولائی کو کاغذات نامزدگی کی جانچ ہوگی اور 17 جولائی تک امیدوار اپنا نام واپس لے سکیں گے۔ انتخابی عمل 27 جولائی تک مکمل کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مغربی بنگال میں اسمبلی انتخاب کے بعد سابق حکمراں جماعت ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) میں بڑے پیمانے پر سیاسی ہلچل دیکھنے کو ملی، جس کی شروعات اسمبلی سے ہوئی اور راجیہ سبھا سے ہوتے ہوئے لوک سبھا تک پہنچی۔ پارٹی کے راجیہ سبھا اراکین کی بات کریں تو سب سے پہلے 8 جون کو پارٹی کے سینئر راجیہ سبھا رکن سکھیندو شیکھر رائے نے اپنے عہدے اور پارٹی کی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ اس کے بعد 10 جون کو سشمیتا دیو نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفیٰ سونپا، پھر اس کے ایک روز بعد 11 جون کو راجیہ سبھا رکن پرکاش چِک برائک نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا۔ سکھیندو شیکھر رائے اور پرکاش چک برائک کی مدت کار 18 اگست 2029 تک، سشمیتا دیو کی مدت کار 2 اپریل 2030 تک تھی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے گجرات کی منجھل پور اسمبلی سیٹ پر ضمنی انتخاب کے لیے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ یہ سیٹ بی جے پی کے 8 بار کے رکن اسمبلی یوگیش پٹیل کے انتقال کے بعد 2 جون کو خالی ہو گئی تھی۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 13 جولائی مقرر کی گئی ہے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ 14 جولائی کو ہوگی، جبکہ امیدوار 16 جولائی تک اپنا نام واپس لے سکیں گے۔ اگر ضرورت پڑی تو 30 جولائی کو صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک پولنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی اور انتخابی عمل 4 اگست تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اس کے علاوہ 2 ضمنی انتخابات بہار کی بانکی پور اور مدھیہ پردیش کی دتیا اسمبلی سیٹوں پر ہوں گی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
