دہلی میں کاروباری کا گولی مار کر قتل، کیجریوال نے امت شاہ پر راجدھانی کو برباد کرنے کا لگایا الزام

فرش بازار تھانہ علاقہ کے بہاری کالونی میں ایک برتن کاروباری کو بدمعاشوں نے گولیوں سے بھون دیا، جس سے اس کی موت ہو گئی۔ قتل واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔

علامتی فائل تصویر
علامتی فائل تصویر
user

قومی آواز بیورو

راجدھانی دہلی میں جرائم پیشہ عناصر پوری طرح سے سرگرم ہو چکے ہیں۔ ان کے ذریعہ اکثر کسی نہ کسی واردات کو انجام دیا جا رہا ہے۔ ہفتہ کی صبح بھی کچھ ایسا ہی ایک واقعہ سامنے آیا۔ فرش بازار تھانہ علاقہ کے بہاری کالونی میں ایک برتن کاروباری کو بدمعاشوں نے گولیوں سے بھون دیا۔ سنگین حالت میں زخمی شخص کو ہیڈگوور اسپتال میں داخل کروایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ واردات کو انجام دے کر جرائم پیشہ عناصر فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ اس واقعہ کے بعد علاقے کے لوگوں میں خوف و دہشت کا ماحول ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ واردات کو اس وقت انجام دیا گیا جب صبح تقریباً ساڑھے سات سے آٹھ بجے کے درمیان کاروباری اپنے دو پہیہ گاڑی سے گھر لوٹ رہے تھے، اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو بدمعاشوں نے ان پر گولیاں چلانی شروع کر دیں۔ اس سلسلے میں ڈی سی پی (شاہدرہ) نے بتایا کہ فرش بازار تھانہ میں گولی چلنے کے واقعہ کے بارے میں ایک پی سی آر کال حاصل ہوئی۔ پولیس اہلکار موقع پر پہنچے تو دیکھا کہ گولیاں لگنے سے سنیل جین (52) شدید طور پر زخمی حالت میں زمین پر پڑے تھے، اس کے بعد اسپتال لے جانے کے دوران ان کی موت ہو گئی۔ وہ کرشنا نگر میں رہتے تھے۔ مہلوک کاروباری کی وشواس نگر 60 فٹا روڈ میں برتن کی دکان ہے۔ واردات والے مقام سے 700 میٹر کی دوری پر ان کی دکان ہے۔


سابق وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے قومی کنرینر اروند کیجریوال نے شاہدرہ میں ہوئی گولی باری پر اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے ایک پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ امت شاہ جی نے دہلی کو برباد کر دیا ہے۔ دہلی کو 'جنگل راج' بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چاروں طرف لوگ دہشت کی زندگی جینے پر مجبور ہیں۔ بی جے پی سے اب دہلی کا نظام قانون نہیں سنبھل رہا ہے۔ دہلی والوں کو متحد ہوکر آواز اٹھانی ہوگی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔