نیپال میں دلدوز بس حادثہ، 14 افراد ہلاک، 16 زخمی

ضلع پولس آفس کے ترجمان گنیش كھنال نے بتایا ’’12 مسافروں کی موت جائے حادثہ پر ہی ہو گئی جبکہ دو دیگر نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ بقیہ زخمیوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے‘‘

سڑک حادثہ
سڑک حادثہ
user

یو این آئی

کٹھمنڈو: نیپال کے ضلع سندھوپال چوك میں اتوار کو ایک بس کے گر کر تباہ ہونے سے کم از کم 14 افراد کی موت ہو گئی اور 16 دیگر زخمی ہو گئے۔ ضلع پولس آفس کے ترجمان گنیش كھنال نے بتایا ’’12 مسافروں کی موت جائے حادثہ پر ہی ہو گئی جبکہ دو دیگر نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔ بقیہ زخمیوں کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے‘‘۔

پولس کے مطابق صبح تین بجے ضلع کے سنكوشی دیہی میونسپلٹی کے علاقے میں بس سڑک سے تقریباً 100 میٹر نیچے جا گری۔ بس ایک مذہبی اور سیاحتی مقام ڈولكھا کے كلن چوك سے دارالحکومت کھٹمنڈو کی طرف جا رہی تھی کہ راستہ میں یہ حادثہ ہو گیا۔


كھنال نے کہا ’’اندازہ ہے کہ بس میں کم سے کم 32 افراد سوار تھے۔ حادثے کے بعد ڈرائیور فرار ہو گیا جبکہ بس کنڈکٹر شدید زخمی ہے‘‘۔ زخمیوں کو علاج کے لئے قریبی مقامی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جبکہ شدید زخمیوں کوکھٹمنڈو لے جایا گیا ہے۔ مرنے والوں کی شناخت نہیں ہو سکی ہے۔ پولس حادثے کی وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے۔

خستہ حال سڑکوں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی قابل رحم حالت کی وجہ سے نیپال میں حالیہ برسوں میں سڑک حادثات کافی ہو رہے ہیں۔ نیپال پولس کے مطابق گزشتہ 10 برسوں میں سڑک حادثات میں 22000 سے زیادہ لوگوں نے جانیں گنوائی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔