بلند شہر تشدد: ملزم یوگیش راج کو بجرنگ دل نے بنا ہیرو، مكر سنکرانتی-یوم جمہوریہ پر لگے مبارکباد کے پوسٹر

بجرنگ دل نے بلند شہر میں کئی مقامات پر مکر سنکرانتی، یوم جمہوریہ کے لئے ہورڈنگ لگائی ہیں، جن میں یوگیش راج لوگوں کو مبارکباد دے رہا ہے، ان ہورڈنگ میں یوگیش راج کو ضلع کنوینر بتایا گیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

یوگی حکومت کی پولس نے بلند شہر تشدد کے اہم ملزم یوگیش راج کو ایک ماہ بعد یعنی 3 جنوری کو پولس نے گرفتار کیا تھا، لیکن بلند شہر میں کئی مقامات پر مکر سنکرانتی، یوم جمہوریہ مبارک کے پوسٹر لگے ہوئے ہیں، جن میں یوگیش راج لوگوں کو مبارکباد دے رہا ہے، اس پوسٹر میں یوگیش راج کو بجرنگ دل ضلع کا کنوینر دکھایا گیا ہے، پوسٹر کے بارے میں بجرنگ دل کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ یوگیش راج ضلع کا کنوینر ہے، اسی وجہ سے اس کی تصویر اور نام پوسٹر پر لگائے گئے ہیں۔

بتا دیں کہ مبینہ گئوكشی کی افواہ کے بعد 3 دسمبر، 2018 کو بلند شہر کے سيانا میں تشدد بھڑک گیا تھا ، الزام ہے کہ بجرنگ دل کا ضلع کنوینر یوگیش راج اپنے ساتھیوں کے ساتھ سيانا تھانہ پہنچا، جہاں بجرنگ دل کے کارکنوں نے جم کر ہنگامہ آرائی کی تھی، ہنگامہ کے دوران بجرنگ دل کارکنان کی پولس سے جھڑپ ہو گئی تھی، علاقے میں کئی گاڑیوں کو آگ کے حوالے کر دیا گیا تھا، تھانے پر جم کر پتھراؤ کیا گیا اس کے بعد تھانہ احاطے میں موجود گاڑیوں کو بھی آگ کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ ہنگامہ آرائی کے دوران انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کو مظاہرین نے گولی مار دی تھی، جس سے ان کی موقع واردات پر ہی موت ہو گئی تھی۔

تشدد کے الزام میں پولس نے بجرنگ دل کے ضلع کنوینر یوگیش راج کو اہم ملزم بناتے ہوئے 27 لوگوں کے خلاف نامزد اور 60 نامعلوم افراد کے خلاف مختلف دفعات میں مقدمہ درج کیا تھا، یوگیش راج سمیت کئی دیگر ملزمان کے سامنے نہیں آنے پر پولس نے سب کے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ بھی جاری کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔