’بی جے پی اپنے گریبان میں جھانکیں‘، بھائی کے خلاف کارروائی کے بعد مایاوتی کا بیان

کل انکم ٹیکس محکمہ نے مایاوتی کے بھائی اور بی ایس پی کے سینئر رہنما آنند کمار کی کمپنی کے 400 کروڑ روپے کی مالیت کا سات ایکڑ کا پلاٹ ضبط کیا جس کے بعد سے مایاوتی سخت ناراض ہیں۔

بی ایس پی سپریمو مایاوتی
بی ایس پی سپریمو مایاوتی
user

قومی آوازبیورو

بھائی آنند کمار پر انکم ٹیکس کی کارروائی کے بعد بی ایس پی سپریمو مایاوتی کا غصہ ساتویں آسمان پر ہے اور وہ اس کے لئے بی جے پی کو ذمہ دار ٹھہرا رہی ہیں۔ مایاوتی نے آج بی جے پی پر اقتدار کے غلط استعمال کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ بی ایس پی ان ہتھکنڈوں سے ڈرنے والی نہیں ہے۔ مایاوتی نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ انتخابات کے دوران دو ہزار کروڑ روپے سے زیادہ کی بے نامی جائیداد بی جے پی کے کھاتوں میں آئی اور اسی سے غریبوں کے ووٹ خریدے گئے۔

بی ایس پی سپریموں نے اس کے علاوہ کہا کہ مرکزی حکومت ریزرویشن ختم کرنا چاہتی ہے اور وہ سرکاری نوکریوں میں دلتوں کی حصہ داری کم کرنے کی سازش رچ رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر الزام لگایا کہ اس مرتبہ مرکزی حکومت محروموں اور غریبوں کو زیادہ طاقت سے دبا رہی ہے۔ مایاوتی نے کہا ’’انتخابات کے دوران بی جے پی کے کھاتوں میں دو ہزار کروڑ آئے لیکن آج تک خلاصہ نہیں ہوا کہ وہ پیسے کس نے دیئے، کیا یہ بےنامی جائیداد نہیں ہے؟ بی جے پی نے انتخابات میں ووٹ خریدے ہیں۔ اربوں کی جائیداد بی جے پی نے اپنے دور اقتدار میں خریدی ہے۔ ہم پر انگلی اٹھانے سے پہلے بی جے پی کو اپنے گریبان میں جھانکنا چاہئے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے لوگ اگر خود کو ہریش چندر مانتے ہیں تو پھر وہ اپنی جانچ کرا لیں اور دیکھ لیں کہ ان کے خاندان کے پاس سیاست میں آنے سے پہلے کتنی جائیداد تھی اور اب کتنی ہے۔


بی ایس پی سپریمو نے اپنے حامیوں سے کہا کہ ’’جب بی جے پی نے بہن جی (مایاوتی)کو نہیں چھوڑا تو باقی غریبوں کو کیا چھوڑے گی۔ یہ حکومت محروم اور غریب طبقہ کو دبا رہی ہے اور ریزرویشن ختم کرنا چاہتی ہے۔ میں بی جے پی اور آ ر ایس ایس کو کھلی چنوتی دیتی ہوں اور ان کو بتا دینا چاہتی ہوں کہ بی ایس پی بالکل ڈرنے والی نہیں ہے‘‘۔

واضح رہے کہ محکمہ انکم ٹیکس نے مایاوتی کے بھائی آنند کمار کی کمپنی کے چار سو کروڑ روپے کا سات ایکڑ کا پلاٹ ضبط کر لیا ہے اور یہ کارروائی بے نامی ملکیت سے متعلق قانون کے تحت کی گئی ہے۔ الزام ہے کہ جس رقم سے یہ پلاٹ خریدا گیا ہے وہ کمائی فرضی کمپنیوں کے ذریعہ کی گئی ہے اور یہ پلاٹ نوئیڈا کے سیکٹر 94 میں واقع ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔