برکس اجلاس: دہلی میں 13-11 ستمبر تک سنبھل کر باہر نکلیں، 22 مقامات پر ڈائیورزن، اسکول و دفاتر بند، یہاں دیکھیں مکمل تفصیل

پرائیویٹ دفاتر کے لیے ابھی کوئی ہدایت نہیں ہے، لیکن بھارت منڈپم میں ہونے والے سربراہ اجلاس کے پیش نظر مرکزی اور دہلی حکومت کے دفاتر، خود مختار ادارے اور پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگ بند رہیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>برکس اجلاس 2026، تصویر ’ایکس‘&nbsp;<a href="https://x.com/PresidencyZA">@PresidencyZA</a></p></div>
i

دہلی 13-12 ستمبر کو برکس سربراہ اجلاس کی میزبانی کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ اس اجلاس کی سرگرمیاں جمعہ سے شروع ہو جائیں گی، جس کے لیے پورے شہر میں سخت سیکورٹی اور ٹریفک پر پابندیاں رہیں گی۔ شہر بھر میں غیر ملکی مہمانوں اور وی وی آئی پی کی آمد و رفت کی توقع کے پیش نظر اسکول اور سرکاری دفاتر 11 ستمبر سے بند رہیں گے، جبکہ اہم سڑکوں پر پابندیاں اور راستوں میں تبدیلیاں کی جائیں گی۔ آئیے جانتے ہیں کہ برکس سربراہ اجلاس کے دوران کیا بند رہے گا، کیا متاثر ہوگا اور آمد و رفت کرنے والوں کو کن راستوں سے گریز کرنا چاہیے۔

اسکول اور کالج رہیں گے بند

دہلی حکومت نے اعلان کیا ہے کہ برکس سربراہ اجلاس کو دیکھتے ہوئے تمام اسکول (سرکاری، سرکاری امداد یافتہ اور پرائیویٹ) 11 ستمبر کو بند رہیں گے۔ 5 ستمبر کو جاری ایک حکم میں محکمہ تعلیم نے کہا کہ دہلی حکومت کے جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری پہلے کی ہدایات کے مطابق اس کے دائرہ اختیار میں آنے والے تمام اسکول اور دفاتر تعطیل پر رہیں گے۔


کیا پرائیویٹ دفاتر بھی بند رہیں گے؟

پرائیویٹ دفاتر کے لیے ابھی کوئی ہدایت نہیں ہے، لیکن بھارت منڈپم میں ہونے والے سربراہ اجلاس کے پیش نظر مرکزی اور دہلی حکومت کے دفاتر، خود مختار ادارے اور پبلک سیکٹر انڈرٹیکنگ (پی ایس یو) بند رہیں گے۔ سپریم کورٹ کی ایڈمنسٹریٹو جنرل برانچ نے 11 ستمبر کو سپریم کورٹ اور اس کی رجسٹری، دونوں کے لیے تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ رجسٹری 12 ستمبر کو بھی بند رہے گی۔ برکس سربراہ اجلاس کے لیے سیکورٹی اور ٹریفک انتظامات کے تحت یہ پابندیاں عائد کی گئی ہیں، کیونکہ حکام وی وی آئی پی قافلوں اور غیر ملکی وفود کی راجدھانی میں آمد و رفت کے دوران بھیڑ اور لوگوں کی نقل و حرکت کم کرنا چاہتے ہیں۔

کیا بینک بند رہیں گے؟

برکس سربراہ اجلاس سے متعلق کئی سرکاری دفاتر بند ہونے کے باوجود 11 ستمبر کو نئی دہلی میں بینک کھلے رہیں گے۔ آر بی آئی کے تعطیلاتی کیلنڈر میں 11 ستمبر کو دہلی میں بینک کی چھٹی نہیں ہے، جس کا مطلب ہے کہ بینک کی شاخیں معمول کے مطابق کام کریں گی۔ تاہم وی وی آئی پی آمد و رفت اور سربراہ اجلاس سے متعلق سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے صارفین کو شاخ تک جاتے وقت ٹریفک پابندیوں اور راستوں میں تبدیلی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔


دہلی میں 3 دنوں تک ٹریفک کے راستوں میں تبدیلی

دہلی پولیس کے مطابق دہلی میں 11 سے 13 ستمبر تک 3 دنوں تک ٹریفک پر پابندیاں اور راستوں میں تبدیلیاں رہیں گی۔ دہلی ٹریفک پولیس نے ایک تفصیلی منصوبہ تیار کیا ہے، جس کے تحت وسطی دہلی میں ایک محدود علاقہ بنایا گیا ہے اور مجموعی طور پر 22 ڈائیورژن پوائنٹس بنائے گئے ہیں۔ شہر کے بڑے ریلوے اسٹیشنوں اور ہوائی اڈے جانے والے مسافروں کے لیے الگ راستوں کا منصوبہ جاری کیا گیا ہے۔ ٹریفک انتظامات سے کئی اہم راستوں، خاص طور پر وسطی اور جنوبی دہلی میں آمد و رفت متاثر ہونے کی توقع ہے۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنا سفر پہلے سے طے کریں، ضرورت پڑنے پر متبادل راستے استعمال کریں اور سفر کے لیے اضافی وقت رکھیں۔ جمعرات کو ٹریفک پر اثر پڑنے کا امکان ہے کیونکہ بیشتر رہنما آ رہے ہیں۔

شہر بھر میں 22 ڈائیورژن پوائنٹس

ٹریفک پولیس نے 22 پوائنٹ کی نشاندہی کی ہے، جہاں سے آمد و رفت کرنے والوں کے راستے تبدیل کیے جا سکتے ہیں۔ ڈاکٹر دنیش نندنی ڈالمیا چوک (ڈبلیو پوائنٹ)، رام چرن اگروال چوک (اے پوائنٹ)، گرو نانک چوک، کے جی مارگ/آؤٹر سرکل، جن پتھ، پٹیل چوک، آر ایم ایل اسپتال، وندے ماترم مارگ/سائمن بولیوار مارگ، دھولا کنواں فلائی اوور اور موتی باغ فلائی اوور ان میں شامل ہیں۔ دیگر اہم پوائنٹس میں آر/اے بریگیڈیئر ہوشیار سنگھ مارگ، مدرسہ-ٹی پوائنٹ، لودھی روڈ کے ساتھ کئی چوراہے، نیلا گنبد، اوبیرائے فلائی اوور کے نیچے کا علاقہ، ڈی پی ایس متھرا روڈ کے سامنے کا یو ٹرن، رنگ روڈ/بھیرون روڈ اور منڈی ہاؤس شامل ہیں۔ ان پوائنٹس پر ایڈوائزری میں ایسے راستوں کے بارے میں بتایا گیا ہے جو دستیاب نہیں ہوں گے اور ان سڑکوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے جنہیں آمد و رفت کرنے والے استعمال کر سکتے ہیں۔ مثال کے طور پر ڈاکٹر دنیش نندنی ڈالمیا چوک پر متھرا روڈ/تلک مارگ کی جانب جانے والی ٹریفک کی اجازت نہیں ہے، جبکہ گاڑی چلانے والے بہادر شاہ ظفر مارگ، آئی پی مارگ اور سکندرا روڈ کا استعمال کر سکتے ہیں۔ پٹیل چوک پر ونڈسر پلیس/آر بی آئی کی جانب جانے والی ٹریفک پر پابندی ہے، جبکہ اشوک روڈ سے جی پی او اور پارلیمنٹ مارگ سے کنّوٹ پلیس کی جانب جانے کے لیے متبادل راستے اختیار کرنے ہوں گے۔


ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کو میٹرو لینے کا مشورہ

دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ جانے والے لوگوں کے لیے خصوصی راستوں کا منصوبہ بھی جاری کیا گیا ہے۔ گڑگاؤں سے ٹرمینل 3، ٹرمینل 4 اور ٹرمینل 2 کی جانب جانے والے مسافروں کے لیے تجویز کردہ راستہ این ایچ 48، راؤ گجر راج سنگھ مارگ، پرانی دہلی گڑگاؤں روڈ، یو ای آر II اور ٹرمینل پہنچنے سے پہلے این ایچ 48 پر سروس روڈ سے ہوکر جانے کا ہے۔ ٹرمینل 1 کے لیے تجویز کردہ راستے میں این ایچ 48، مہی پال پور فلائی اوور اور ٹرمینل 3 روڈ/این ایچ 48، اُلن بٹار مارگ، ٹرمینل 1 روڈ شامل ہیں۔ دوارکا سے ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کو سیکٹر-22 دوارکا روڈ اور یو ای آر II استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے، جس میں ٹرمینل 3 کی جانب نئی تعمیر شدہ سرنگ بھی شامل ہے۔

نئی دہلی اور جنوبی دہلی کے مسافروں کے لیے تجویز کردہ راستوں میں ایمس چوک، رنگ روڈ، موتی باغ چوک، آر ٹی آر مارگ، شنکر وہار فلائی اوور، سنجے ٹی پوائنٹ، این ایچ 48 پر سروس روڈ اور مہی پال پور فلائی اوور/رنگ پوری کوریڈور شامل ہیں۔ مغربی، شمالی اور مشرقی دہلی کے مسافروں کے لیے بھی الگ الگ راستے جاری کیے گئے ہیں۔ ٹریفک پابندیوں کے پیش نظر ایڈوائزری میں مسافروں کو ایئرپورٹ جانے کے لیے میٹرو سروس استعمال کرنے پر غور کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔


اس درمیان دہلی ٹریفک پولیس نے مسافروں سے کہا ہے کہ وہ سربراہ اجلاس کے دوران اپنی سرکاری ایڈوائزری اور سوشل میڈیا اپڈیٹس کو فالو کریں۔ مدد کے لیے آمدورفت کرنے والے لوگ دہلی ٹریفک پولیس کی ہیلپ لائن 1095 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔ ٹریفک پولیس نے ٹریفک سے متعلق مدد اور رپورٹنگ کے لیے ایک واٹس ایپ نمبر (8750871493) بھی جاری کیا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔