بی ایس پی نے امبیڈکر کو بی جے پی کے بھگوا سے چھڑا کر اپنے رنگ میں رنگا 

بی ایس پی لیڈر ہیمندر گوتم نے بدایوں کے پارک میں نصب ڈاکٹر امبیڈکر کے بھگوا رنگ کی مورتی کا لباس ایک بار پھر نیلے رنگ میں پینٹ کر دیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

بدایوں کے پارک میں گزشتہ 8 اپریل کو ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی بھگوا لباس زیب تن کیے ہوئی مورتی نصب کی گئی تھی جو نہ صرف لوگوں میں موضوعِ بحث بنی تھی بلکہ میڈیا میں بھی خوب چھائی رہی، اور اب تازہ خبر یہ ہے کہ اس بھگوا رنگ کی مورتی کو نیلے رنگ میں پینٹ کر دیا گیا ہے۔ یہ کام کیا ہے بی ایس پی لیڈر ہیمندر گوتم نے۔ اس کا ایک ویڈیو خبر رساں ایجنسی ’اے این آئی‘ نے ٹوئٹ بھی کیا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جب 8 اپریل کو پولس اور بی ایس پی لیڈروں کی موجودگی میں ڈاکٹر امبیڈکر کی بھگوا رنگ کی مورتی کو پارک میں نصب کیا گیا تھا تو لوگ اس کو دیکھ کر حیران ضرور ہوئے تھے لیکن وہاں موجود لوگوں میں سے کسی نے اعتراض نہیں کیا تھا۔ صرف سماجوادی پارٹی کے لیڈر سنیل ساجن نے اس پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ لیکن سوشل میڈیا اور خبروں میں ڈاکٹر امبیڈکر پر بھگوا رنگ چڑھانے کی بات وائرل ہونے کے بعد بی ایس پی لیڈر ہیمندر گوتم نے ان کے بھگوا لباس کو نیلے رنگ میں پینٹ کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ تھانہ کنور گاؤں کے تحت دُگریا کے پارک میں لگی ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی مورتی گزشتہ جمعہ کو شرپسند عناصر کے ذریعہ توڑ دی گئی تھی جس کے بعد دلتوں نے ہنگامہ شروع کر دیا تھا اور پولس نے وہاں ڈاکٹر امبیڈکر کا نیا مجسمہ لگائے جانے کی یقین دہانی کرائی تھی۔ 8 اپریل کو پولس نے اپنا یہ وعدہ پورا کیا لیکن حیران کرنے والی بات یہ تھی کہ ہمیشہ نیلے لباس میں نظر آنے والے ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کا یہ مجسمہ بھگوا لباس زیب تن کیے ہوئے تھا۔ ابھی زیادہ دن نہیں ہوئے ہیں جب اتر پردیش میں گورنر کی سفارش پر بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے نام میں رام جی جوڑا گیا تھا، اور اب ان کا لباس بھگوا کیے جانے سے یوگی حکومت پر سوال کھڑے کیے جانے لگے۔

ڈاکٹر امبیڈکر کی بھگوا رنگ کی مورتی نصب کیے جانے کے بعد سماجوادی پارٹی لیڈر سنیل ساجن نے کہا تھا کہ ’’یہ حکومت صرف بھگواکاری پر دھیان دے رہی ہے تاکہ دیگر ایشوز سے دھیان بھٹکا سکے۔ اس حکومت میں ماں بیٹی اور خواتین کوئی محفوظ نہیں ہے۔‘‘

ذرائع کے مطابق بھگوا لباس زیب تن کیے ہوئے ڈاکٹر امبیڈکر کی نئی مورتی آگرہ سے منگوائی گئی تھی جس کی 8 اپریل یعنی اتوار کے روز تقریب رونمائی تھی۔ اس میں بی ایس پی کے ضلع صدر اور دیگر پارٹی کارکنان بھی شامل ہوئے تھے اور مجسمہ پر پھول کا ہار چڑھایا تھا۔ لیکن انھوں نے اس کے رنگ کے تعلق سے کوئی اعتراض نہیں کیا تھا۔ مقامی لوگ حالانکہ مجسمہ کے بھگوا رنگ ہونے کے سبب چہ می گوئیوں میں مصروف ہو گئے تھے لیکن جب دیکھا کہ دلت لیڈران کچھ نہیں کہہ رہے ہیں تو خاموش ہو گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Apr 2018, 12:38 PM