13 اساتذہ کی خودکشی اور 400 کروڑ بقایاجات معاملے پر بامبے ہائی کورٹ نے دیا تفتیش کا حکم

بامبے ہائی کورٹ نے سی بی آئی، ای ڈی اور محکمۂ انکم ٹیکس کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ادارے کے کام کاج اور انتظامیہ کے رویے پر بھی سخت تبصرہ کیا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>بامبے ہائی کورٹ</p></div>
i

مہاراشٹر کے پونے میں واقع سنگھ گڑھ ٹیکنیکل ایجوکیشن سوسائٹی (ایس ٹی ای ایس) اور اس سے وابستہ 44 تعلیمی اداروں میں مالی بے ضابطگیوں کی اب 3 مرکزی ایجنسیاں تحقیقات کریں گی۔ بامبے ہائی کورٹ نے اس معاملے میں مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی)، انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور محکمۂ انکم ٹیکس کو تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے ادارے کے کام کاج اور انتظامیہ کے رویے پر انتہائی سخت تبصرہ کیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ ادارے نے اس کے احکامات کی بھی خلاف ورزی کی اور وہ بھی کسی کی پروا کیے بغیر۔ ادارے کا طرز عمل عدالتی ضمیر کو جھنجھوڑنے والا ہے۔ یہ پورا معاملہ ادارے کے اساتذہ اور غیر تدریسی عملے کو طویل عرصے سے تنخواہوں، پنشن اور دیگر بقایاجات کی ادائیگی نہ کیے جانے سے متعلق ہے۔ الزام ہے کہ گزشتہ 8 برسوں سے زائد عرصے سے ملازمین کو ان کا حق نہیں ملا ہے۔ ملازمین کے مجموعی بقایاجات کی رقم 400 کروڑ روپے سے زیادہ بتائی گئی ہے۔

اس معاملے میں پریشان ملازمین نے انصاف کے لیے بامبے ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا تھا۔ عدالت میں تقریباً 220 عرضیوں پر سماعت کے دوران ادارے کے مالی انتظام اور فنڈ کے استعمال پر سنگین سوالات اٹھائے گئے۔ معاملے کی سماعت کر رہے جسٹس جی ایس کلکرنی اور جسٹس اے ایم سیٹھنا کی خصوصی بنچ نے ادارے کی انتظامیہ کے رویے پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت کو پہلے یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ دیوالی سے قبل ملازمین کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے 60 کروڑ روپے دیے جائیں گے، لیکن ادارے نے اپنے وعدے کو پورا نہیں کیا۔ عدالت نے اسے بہت سنجیدگی سے لیا اور کہا کہ ملازمین کو تنخواہیں اسی صورت میں مل سکتی ہیں، جب تنظیم کی جانب سے جمع کی گئی رقم کو کسی اور جگہ منتقل نہ کیا جائے۔ عدالت کے مطابق ملازمین کے 400 کروڑ روپے سے زیادہ بقایاجات کی ادائیگی نہیں ہونا، اس معاملے کی حساسیت کو ظاہر کرتا ہے۔


عدالت نے کہا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ ملازمین کی رقم کو خرد برد کیا گیا ہو۔ اس کی وجہ سے ملازمین اپنے بنیادی حقوق اور روزی روٹی سے محروم ہو رہے ہیں۔ عدالت نے اس پورے معاملے میں ملازمین کی بدحالی کا ذکر کرتے ہوئے ایک انتہائی سنگین تبصرہ کیا۔ عدالت نے کہا کہ ادارے کی غفلت اور عدم فعالیت کی وجہ سے یہ بحران پیدا ہوا ہے اور تدریسی و غیر تدریسی عملے کو شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بنچ نے یہ بھی کہا کہ اطلاع کے مطابق ادارے کے تقریباً 13 اساتذہ نے خودکشی کر لی ہے۔ عدالت نے کہا کہ حالات اس قدر سنگین ہیں کہ وہ تماشائی بن کر نہیں رہ سکتی۔ اس سے قبل ہائی کورٹ نے ادارے کے ٹرسٹیوں کو املاک کی تفصیلات حلف نامے کے ذریعہ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے حلف ناموں کی جانچ کے بعد کہا کہ پہلی نظر میں ان امکانات سے انکار نہیں کیا جا سکتا کہ تعلیمی اداروں کے لیے دستیاب فنڈ غائب ہو گیا ہے یا اسے دوسرے کاروبار میں لگا دیا گیا ہے۔

کورٹ کے مطابق ٹرسٹیوں کی جانب سے دی گئی جائیداد کی تفصیلات اور ادارے کی مالی حالت سنجیدہ تحقیقات کا مطالبہ کرتی ہے۔ عدالت نے اسے جانچ کے لیے سنجیدہ معاملہ تسلیم کیا ہے۔ بامبے ہائی کورٹ نے تحقیقات پوری ہونے تک سنگھ گڑھ ٹیکنیکل ایجوکیشن سوسائٹی کے ٹرسٹ اور اس کے ٹرسٹیوں کے بینک کھاتوں، سرمایہ کاری اور اثاثے منجمد کرنے کا حکم دیا۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے 8 ٹرسٹیوں کو توہین عدالت کے معاملے میں وجہ بتاؤ نوٹس بھی جاری کیا تھا۔ کورٹ نے پوچھا ہے کہ حکم پر عمل در آمد نہیں کرنے کے لیے ان کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کیون نہیں کی جائے۔ عدالت نے ادارے کی انتظامیہ کے رویے کو انتہائی غیر سنجیدہ قرار دیا۔ عدالت نے اس خدشے کو سنجیدگی سے لیا ہے کہ ملازمین کی تنخواہوں اور دیگر ادائیگیوں کے لیے جو رقم تھی وہ شاید دوسرے مقاصد کے لیے منتقل کی گئی ہو اور بیرون ملک بھی بھیجی گئی ہو۔ اسی وجہ سے معاملے میں منی لانڈرنگ کے خدشے کو دیکھتے ہوئے ای ڈی کو جانچ کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ سی بی آئی کو مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ طور پر فنڈز کی منتقلی کی تحقیقات کرنی ہیں، جبکہ محکمۂ انکم ٹیکس ادارے کے مالی لین دین اور اس سے متعلق دیگر پہلوؤں کی چھان بین کرے گا۔ عدالت نے تینوں ایجنسیوں کو ابتدائی تحقیقاتی کی رپورٹ 19 نومبر تک پیش کرنے کی ہدایت دی ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔