سعودی عرب سے نئی دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی فلائٹ میں ٹشو پیپر پر لکھا ملا ’بم‘، احمد آباد میں ہوئی ایمرجنسی لینڈنگ
طیارہ کے احمد آباد رنوے پر اترنے کے بعد اسے ایک الگ محفوظ مقام یعنی آئسولیشن بے میں لے جایا گیا۔ طیارہ میں تقریباً 32 مسافر سوار تھے جنھیں بحفاظت اتار کر ایئرپورٹ بس کے ذریعہ ٹرمینل تک پہنچایا گیا۔

سعودی عرب کے دمام سے نئی دہلی آ رہی ایئر انڈیا کی فلائٹ میں پیر کے روز بم کی دھمکی ملنے کے بعد اسے احمد آباد ڈائیورٹ کر دیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ طیارہ میں سوار عملہ کے ایک رکن کو ٹوائلٹ میں ایک ٹشو پیپر ملا، جس پر انگریزی میں’بم‘ لکھا ہوا تھا۔ عملہ کے متعلقہ رکن نے فوراً اس کی اطلاع پائلٹ کو دی۔ حفاظتی ضوابط کے تحت پائلٹ نے احمد آباد ایئرپورٹ سے رابطہ کیا اور طیارے کو ہنگامی حالت میں اتارنے کی اجازت طلب کی۔ اس کے بعد ایئرپورٹ پر تمام ضروری ہنگامی خدمات کو فعال کر دیا گیا۔
طیارہ کے احمد آباد رنوے پر اترنے کے بعد اسے ایک الگ محفوظ مقام یعنی آئسولیشن بے میں لے جایا گیا۔ طیارہ میں تقریباً 32 مسافر سوار تھے۔ تمام مسافروں کو طیارہ سے بحفاظت اتار کر ایئرپورٹ بس کے ذریعہ ٹرمینل تک پہنچایا گیا۔ مسافروں کے سامان کو بھی الگ رکھا گیا اور اس کی جانچ کی گئی۔ سیکورٹی ایجنسیوں نے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر طیارہ کے آس پاس سیکورٹی گھیراؤ بنا دیا۔
ہنگامی لینڈنگ کے بعد طیارہ کی گہری جانچ شروع کی گئی۔ فائر بریگیڈ، مرکزی صنعتی سیکورٹی فورس یعنی سی آئی ایس ایف، بم ناکارہ بنانے والا دستہ اور دیگر امدادی ٹیمیں طیارہ کے پاس پہنچ گئیں۔ سیکورٹی افسران اور تکنیکی ٹیموں نے طیارے کے ہر حصے کی جانچ کی۔ سیٹوں سے لے کر کارگو ہولڈ تک کو دیکھا گیا۔ جانچ کے دوران طیارہ کے اندر کوئی مشتبہ چیز یا دھماکہ خیز مواد نہیں ملا۔ اس واقعہ میں کسی مسافر یا عملہ کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔
طیارہ کی جانچ میں کچھ مشتبہ نہ ملنے کے بعد اب سیکورٹی ایجنسیاں یہ معلوم کرنے میں مصروف ہیں کہ ٹوائلٹ میں ’بم‘ لکھا ٹشو پیپر کس نے چھوڑا تھا۔ ساتھ ہی یہ بھی جانچ کی جا رہی ہے کہ ایسا کرنے کے پیچھے مقصد کیا تھا۔ بہرحال، دھمکی آمیز پیغام ملنے کے بعد طیارہ کو احمد آباد اتارنے سے لے کر مسافروں کو بحفاظت باہر نکالنے اور طیارے کی جانچ تک سیکورٹی پروٹوکول پر عمل کیا گیا۔ فی الحال جانچ کا مرکز اس نوٹ کو چھوڑنے والے شخص اور اس کے مقصد پر ہے۔
