ممبئی ایئرپورٹ کو بم سے اڑانے کی دھمکی، ای میل کر کے بٹ کوائن میں ایک ملین ڈالر کا تاوان مانگا گیا

ممبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کو ملنے والی دھمکی کے سلسلے میں پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے

<div class="paragraphs"><p>سوشل میڈیا</p></div>

سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

ممبئی: مہاراشٹر کی راجدھانی ممبئی میں چھترپتی شیواجی مہاراج بین الاقوامی ہوائی اڈے کے ٹرمینل 2 کو بم سے اڑانے کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔ یہ دھمکی جمعرات (23 نومبر) کو ای میل کے ذریعے دی گئی تھی جس میں 48 گھنٹوں کے اندر بٹ کوائن میں ایک ملین ڈالر دینے کا مطالبہ کیا گیا۔

اس معاملے پر ممبئی پولیس نے کہا، ’’ سہار پولیس نے ای میل آئی ڈی quaidacasrol@gmail.com کا استعمال کرتے ہوئے دھمکی آمیز میل بھیجنے کے لیے ایک نامعلوم شخص کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔‘‘ پولیس کے مطابق، یہ ای میل جمعرات کی صبح تقریباً 11 بجے ممبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ (ایم آئی اے ایل) کے فیڈ بیک ان باکس میں بھیجی گئی۔


دھمکی آمیز ای میل میں لکھا تھا، ’’موضوع - دھماکے۔ یہ آپ کے ہوائی اڈے کے لیے آخری وارننگ ہے۔ اگر بٹ کوائن میں 10 لاکھ ڈالر ایڈریس پر منتقل نہیں کیے گئے، تو ہم ٹرمینل 2 کو 48 گھنٹوں کے اندر اڑا دیں گے۔ ایک اور الرٹ 24 گھنٹے بعد آئے گا۔‘‘ فی الحال، پولیس نے تعزیرات ہند (آئی پی سی) کی دفعہ 385 (بھتہ وصولی کے لیے کسی بھی شخص کو نقصان پہنچانے کے خوف میں ڈالنا) اور 505 (1) (b) (عوام میں خوف پیدا کرنا یا عوامی امن کے خلاف خوف پھیلانے کے ارادے سے دیا گیا بیان) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔

معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ہوائی اڈے اور اس کے اطراف کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے اس آئی پی ایڈریس کا سراغ لگایا ہے جس سے یہ دھمکی آمیز ای میل بھیجی گئی تھی۔ اب پولیس اس شخص کی شناخت کرنے میں مصروف ہے جس نے دھمکی آمیز ای میل بھیجی تھی۔ اس سے پہلے بھی ممبئی پولیس کو کئی دھمکی آمیز کالز موصول ہو چکی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔