امریکی حملے میں ہلاک ہندوستانی ملاح شیوانند کی لاش 8 دن بعد گاؤں پہنچی، پوسٹ مارٹم کے بعد آخری رسومات آج ہوں گی ادا

لاش ہوائی جہاز سے گورکھپور لائی گئی اور پھر ایمبولینس سے گاؤں پہنچی۔ خاندان نے شروع میں لاش کو ایمبولینس سے باہر نکالنے سے منع کردیا تھا اور متوفی کے لیے سرکاری مدد اور اعزاز کا مطالبہ کیا۔

<div class="paragraphs"><p>فوٹو ویڈیو گریپ</p></div>
i

خلیج عمان میں کمرشیل بحریہ جہاز ’ایم ٹی سیٹے بیلو‘ پر امریکی فوج کے حملے میں ہلاک ہوئے ہندوستانی نوجوان شیوانند چورسیا (38) کی لاش 8 دن بعد بدھ کو شام 6 بجے ان کے آبائی گاؤں پہنچ گئی۔ متوفی شیوانند اتر پردیش کے دیوریا ضلع میں سرولی گاؤں کے رہنے والے تھے۔ اس دوران ان کے گھر پر تعزیت کا اظہار کرنے والوں کی بھیڑ جمع ہوگئی۔ لاش ہوائی جہاز سے گورکھپور لائی گئی اور پھر ایمبولینس سے گاؤں پہنچائی گئی۔ حالانکہ سوگوار خاندان نے شروع میں لاش کو ایمبولینس سے باہر نکالنے سے منع کردیا اور وزیر اعلیٰ سے بات کرنے کا اصرار کرتے ہوئے متوفی کے لیے سرکاری مدد اور اعزاز کا مطالبہ کیا۔

اس سے پہلے لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈرراہل گاندھی نے شیوانند کی بیوی اور بھائی رام پرویش سے فون پر بات کی۔ کانگریس کے سینئر لیڈر نے کہا ’’ہم آپ کے مطالبات حکومت تک پہنچائیں گے، ہم اپنی طرف سے حکومت پر دباؤ ڈالیں گے، مالی امداد کے حوالے سے خط بھی لکھیں گے۔‘‘ شیوانند کے گھر پر کانگریس اور سماج وادی پارٹی کے لیڈر موجود ہیں۔


شیو آنند کے والد رام جی چورسیا نے ضلع مجسٹریٹ کو ایک میمورنڈم سونپا جس میں متاثرہ خاندان نے شیو آنند کی بیوی کے لیے سرکاری نوکری، مرکز اور اترپردیش حکومت سے 1-1 کروڑ روپئے کی مالی مدد، ان کے 2 بچوں کے لیے 12 کلاس تک مفت تعلیم اور شیو آنند کو شہید کا درجہ دینے کا مطالبہ کیا۔

اہل خانہ کے احتجاج کے بعد ضلع مجسٹریٹ مدھو سودن ہلگی اور پولیس سپرنٹنڈنٹ موقع پر پہنچے اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے مطالبات کو ریاستی حکومت تک پہنچایا جائے گا۔ ہلگی نے کہا کہ انتظامیہ لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے شیو آنند کی بیوی اور بچوں سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ خاندان نے مالی امداد اور روزگار سمیت کئی مسائل اٹھائے ہیں اور حکومت سے ان پر غور کرنے کے لیے تحریری درخواست بھیجی جائے گی۔


افسران کے مطابق متاثرہ خاندان کی گزارش پر آج صبح لاش کے پوسٹ مارٹم کی کارروائی شروع کردی گئی جس کے بعد آخری رسومات ادا کی جائیں گی۔ اس دوران سلیم پور سے سماج وادی پارٹی کے ممبر پارلیمنٹ رما شنکر راجبھر نے غمزدہ خاندان سے ملاقات کی اور ایک کروڑ روپئے کا معاوضہ، حاندان کے ایک ممبر کو سرکاری نوکری اور فوجی اعزاز کے ساتھ آخری رسومات ادا کئے جانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا اور سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو خاندان کی ہر ممکن مدد کریں گے۔ اسی دوران بی جے پی ممبر اسمبلی سریندر چورسیا نے بھی متاثرہ خاندان سے ملاقات کی اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کہی۔