داؤد ابراہیم کے آبائی گھر پر چلے گا بلڈوزر، بی ایم سی نے نوٹس کیا چسپاں

ممبئی کے بھنڈی بازار میں داؤد ابراہیم کے آبائی گھر اور دفتر والی خستہ حال عمارت کو بی ایم سی 18 اور 19 نومبر کو منہدم کرے گی۔ مقامی افراد نے وقف ٹریبونل کی مبینہ روک اور 24 گھنٹے کے نوٹس پر اعتراض کیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این&nbsp;ایس</p></div>
i

ممبئی کے بھنڈی بازار علاقے میں واقع داؤد ابراہیم کے آبائی گھر اور دفتر والی خستہ حال عمارت کو برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) منہدم کرنے جا رہی ہے۔ حاجی اسماعیل حبیب مسافر خانہ نامی اس عمارت کو 18 اور 19 نومبر کو منہدم کرنے کی کارروائی کی جائے گی۔ اس سلسلے میں بی ایم سی کے سی وارڈ دفتر نے 16 نومبر 2026 کو نوٹس چسپاں کیا ہے۔ کارروائی کے دوران پولیس کی بھاری نفری تعینات رہے گی۔

پاکموڈیا اسٹریٹ اور سیکنڈ کوپر اسٹریٹ پر واقع یہ عمارت سی ایس نمبر 4315 کے تحت آتی ہے۔ بی ایم سی نے اسے سی ون زمرے کی انتہائی خستہ حال اور خطرناک عمارت قرار دیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کے مطابق، بوسیدہ عمارت کے باعث وہاں آنے والے افراد اور راہ گیروں کی جان کو خطرہ لاحق ہے۔

بی ایم سی کے نوٹس کے مطابق، اس معاملے میں بامبے ہائی کورٹ نے 31 اگست 2020 کو حکم جاری کیا تھا، جس کے بعد عمارت خالی کرانے اور اسے منہدم کرنے کی کارروائی شروع کی گئی۔ حالیہ معائنے میں حکام نے پایا کہ عمارت تقریباً خالی ہو چکی ہے اور صرف گراؤنڈ فلور پر واقع نماز ہال استعمال کیا جا رہا ہے۔


تاہم، علاقے کے باشندوں اور ٹرسٹ کے معاملے میں قانونی جدوجہد کرنے والے افراد نے بی ایم سی کی کارروائی پر اعتراض کیا ہے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ وقف ٹریبونل نے عمارت منہدم کرنے پر روک لگا رکھی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بی ایم سی نے صرف 24 گھنٹے کا وقت دیا ہے، جس سے انہیں عدالت سے رجوع کرنے کا مناسب موقع بھی نہیں مل سکا۔ ان کے مطابق، اس طرح کی کارروائی سے قبل عموماً 15 دن کا وقت دیا جاتا ہے، لیکن اس معاملے میں عجلت سے کام لیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، بی ایم سی کا کہنا ہے کہ یہ عمارت سیکنڈ کوپر اسٹریٹ کی مجوزہ توسیع میں بھی رکاوٹ بن رہی ہے، کیونکہ اس کا کچھ حصہ سڑک کی مجوزہ الائنمنٹ میں آ رہا ہے۔

نوٹس میں بتایا گیا ہے کہ سیفی برہانی اپ لفٹمنٹ ٹرسٹ (ایس بی یو ٹی) نے نماز ہال استعمال کرنے والوں کو مذہبی سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے دو متبادل پیش کیے ہیں۔ ان میں سیکٹر چار کے النصر ٹاور میں یونٹ ایف 67، ایف 68 اور ایس 68 میں عارضی نماز گاہ کی سہولت فراہم کرنا یا کسی دوسری مناسب جگہ کو کرائے پر لینے کے لیے مالی معاوضہ دینا شامل ہے۔

بی ایم سی نے نماز ہال استعمال کرنے والوں سے قرآن شریف اور دیگر مذہبی اشیا کو احترام کے ساتھ محفوظ مقام پر منتقل کرنے اور پوری عمارت خالی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ کانگریس کے رکن اسمبلی امین پٹیل نے آئی اے این ایس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس کارروائی کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورت حال اور امن و امان کی ذمہ داری ممبئی میونسپل کارپوریشن پر ہوگی۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔