بنگال سے ہوگی بی جے پی کے خاتمے کی شروعات: ممتا بنرجی
ریلی میں موجود لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’بی جے پی اگر اقتدار میں آتی ہے تو وہ بلڈوزر چلائے گی اور سب کو باہر نکال دے گی۔‘‘

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے ہفتہ (28 مارچ) کو رانی گنج میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر جم کر حملہ بولا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے بی جے پی پر کئی سنگین الزامات بھی عائد کیے۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی غیر قانونی کوئلے کی کانوں سے رقم لیتی ہے اور ترنمول کانگریس پر چور ہونے کا الزام لگاتی ہے۔ بی جے پی نے ان کے تمام اختیارات چھین لیے ہیں۔ انہوں نے لوگوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اگر اقتدار میں آتی ہے تو وہ بلڈوزر چلائے گی اور سب کو باہر نکال دے گی۔ ریلی میں موجود عوام سے ریاستی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سب متحد ہو کر ٹی ایم سی کا ساتھ دیں، اسی بنگال سے بی جے پی کے خاتمے کی شروعات ہوگی۔
ممتا بنرجی نے مرشد آباد کے رگھوناتھ گنج میں رام نومی کی ’شوبھا یاترا‘ کے دوران ہوئی جھڑپوں کا ذکر کرتے ہوئے سوال کیا کہ کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟ انہوں نے کہا کہ مجھے قصوروار نہ ٹھہراؤ کیونکہ میرے تمام اختیارات چھین لیے گئے ہیں۔ تمام افسران کا تبادلہ کر دیا گیا ہے اور بی جے پی کے لوگوں کو یہاں بھیجا گیا ہے، لیکن انہیں نہیں معلوم کہ جیت ہماری ہی ہوگی۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ بی جے پی کو رگھوناتھ گنج میں فساد بھڑکانے پر شرم آنی چاہیے۔ بی جے پی نے اپنے افسران کو اس لیے بھیجا ہے تاکہ فسادات بھڑکائے جا سکیں۔ رگھوناتھ گنج میں دکانوں میں توڑ پھوڑ کی گئی۔ کسی کے گھر میں توڑ پھوڑ کرنے کا حق تہمیں کس نے دیا؟ رگھوناتھ گنج میں فساد بھڑکانے کا حق تمہیں کس نے دیا؟ ان سب کا حساب لیا جائے گا۔
ٹی ایم سی سربراہ نے کہا کہ ایک ’لکشمن ریکھا‘ ہوتی ہے، لیکن بی جے پی تمام حدیں پار کر رہی ہے۔ بی جے پی مغربی بنگال کو برباد کرنے کی کوشش میں پورے ملک کی اقتدار کھو دے گی اور یہ ان کے ساتھ ہو کر رہے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وہ اپوزیشن پارٹیوں کو متحد کر دہلی میں بی جے پی کو چیلنج دیں گی۔ اس سے واضح اشارہ ملتا ہے کہ آنےوالے وقت میں قومی سیاست میں بھی ٹکراؤ مزید تیز ہو سکتا ہے۔
ریاستی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’میرے لوگ بھی رام نومی، درگا پوجا، کالی پوجا، چھٹھ پوجا، کرسمس اور عید مناتے ہیں۔ ہم تمام مذاہب اور ذاتوں کے لوگوں کے ساتھ مل کر مناتے ہیں، خواہ وہ ہندو ہوں، مسلم ہوں، عیسائی ہوں، سکھ ہوں یا پارسی۔ ہم سب کا احترام کرتے ہیں۔‘‘ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن پر بھی سوال اٹھائے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ووٹر لسٹ کی خصوصی گہری نظر ثانی (ایس آئی آر) کے دوران نام ہٹائے جا رہے ہیں۔ یہ کام بی جے پی کے اشارے پر ہو رہا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے وارننگ دی کہ ہر چیز کی ایک حد ہوتی ہے، لیکن بی جے پی ہر حد پار کر چکی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔