بی جے پی کو انتخابی منشور جاری کرنے کی جگہ ’کارروائی رپورٹ‘ پیش کرنا چاہیے: مایاوتی

بی ایس پی سربراہ مایاوتی کا کہنا ہے کہ انتخابی وعد ہ خلافی کرنےوالے نریندر مودی حکومت کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے پانچ سال میں صرف مالداروں کے لئے ہی کام کیا ہے۔

بی ایس پی سپریمو مایاوتی
بی ایس پی سپریمو مایاوتی
user

قومی آوازبیورو

لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی) سربراہ مایاوتی نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کو نیا انتخابی منشور جاری کرنے کے بجائے سابقہ انتخابی وعدوں کے ضمن میں’کاروائی رپورٹ‘ ملک کے عوام کے سامنے پیش کرنا چاہیے۔ انھوں نے پیر کو کہا کہ گذشتہ انتخابات میں بی جے پی نے لبھاونے وعدوں کا سبز باغ دکھا کر عوا م کو اپنے جال میں پھنسا لیا تھا۔ اس بار بھی بی جے پی نے انتخابی منشور کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مایاوتی نے کہا کہ انتخابی وعد ہ خلافی کرنےوالے نریندر مودی حکومت کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔ انہوں نے پانچ سال میں صرف مالداروں کے لئے ہی کام کیا ہے۔ انتخابی منشور کے بجائے انہیں گذشتہ انتخابات میں کیے گئے وعدوں پر’کاروائی رپورٹ‘ جاری کرنا چاہیے لیکن ان میں ایسا کرنے کی ہمت نہیں ہے کیونکہ بی جے پی اور نریندر مودی حکومت وعدہ خلافی کرنے والی حکومتوں کی سرتاج ثابت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں صرف مٹھی بھر مالداروں اور سرمایہ کاروں کے ہی اچھے دن آئے ہیں ان کے علاوہ ملک کی 130 کروڑ عوام کو آج بھی 15 لاکھ روپئے بینک کھاتوں میں آنے کا انتظار ہے جس کا وعدہ نریندر مودی نے غریبوں سے کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔