بی جے پی اور آر ایس ایس قبائلیوں کو ’جل، جنگل اور زمین‘ کے حقوق سے محروم کرنا چاہتی ہیں: راہل گاندھی

راہل گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس کو قبائلی مخالف قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلیوں کو جل، جنگل اور زمین کے حقوق سے محروم کرنا چاہتے ہیں، کانگریس ان حقوق کے تحفظ کے لیے ہر جدوجہد کرے گی

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی این سی</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

google_preferred_badge

لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے بی جے پی اور آر ایس ایس پر قبائلی مخالف ذہنیت رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دونوں تنظیمیں قبائلی برادری کو ان کے جل، جنگل اور زمین کے حقوق سے محروم کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس قبائلیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر ممکن قدم اٹھانے اور ہر سطح پر جدوجہد کرنے کے لیے تیار ہے۔

راہل گاندھی نے یہ بیان بدھ کے روز کانگریس کے قبائلی شعبے کی جانب سے نئی دہلی میں واقع اندرا بھون میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کے بعد سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں دیا۔ وہ ’آدیواسی پروفیشنلز کانکلیو 2026‘ سے خطاب کر رہے تھے، جہاں قبائلی برادری سے متعلق مختلف مسائل اور ان کے حقوق پر گفتگو کی گئی۔

پروگرام کے دوران راہل گاندھی نے قبائلی رہنما اور مجاہد آزادی برسا منڈا کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر کانگریس کے قبائلی شعبے کے سربراہ وکرانت بھوریا نے انہیں روایتی قبائلی ٹوپی بھی پیش کی۔

راہل گاندھی نے اپنی فیس بک پوسٹ میں کہا کہ قبائلی ہندوستان کے پہلے مالک ہیں اور ہندوستان کی تاریخی شعور، تہذیبی وراثت اور اجتماعی دانش انہی میں محفوظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی حقیقت ہے جسے تسلیم کیا جانا چاہیے۔ ان کے مطابق قبائلی برادری نے صدیوں سے جنگلات، زمین اور قدرتی وسائل کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے اور ان کے حقوق کا احترام ملک کی ذمہ داری ہے۔


کانگریس رہنما نے کہا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس کی قبائلی مخالف سوچ قبائلیوں کو ’آدیواسی‘ کے بجائے ’ون واسی‘ کہہ کر ان کی شناخت کو کمزور کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرز فکر کا مقصد قبائلیوں کو ان کے بنیادی حقوق اور قدرتی وسائل پر اختیار سے دور رکھنا ہے۔

راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس پارٹی قبائلیوں کے حقوق، عزت اور شناخت کا مکمل احترام کرتی ہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ان کی جماعت قبائلی برادری کے مفادات کے تحفظ کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گی اور ان کے حقوق پر کسی بھی قسم کی زد برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی برادری کے حقوق کا تحفظ صرف ایک سیاسی مسئلہ نہیں بلکہ سماجی انصاف اور آئینی اقدار کا تقاضا بھی ہے۔ ان کے مطابق کانگریس اس مقصد کے لیے ہر جمہوری اور آئینی جدوجہد میں قبائلیوں کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ راہل گاندھی کے اس بیان کو قبائلی حقوق کے معاملے پر حکمراں جماعت اور کانگریس کے درمیان جاری سیاسی اختلافات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Follow us: WhatsAppFacebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔