بی جے پی کو ’گُڈ بائے‘ کہیں گے اُدت راج، آج بطور آزاد امیدوار بھریں گے پرچہ نامزدگی!

بی جے پی رکن پارلیمنٹ اُدت راج شمال مغربی دہلی سے لوک سبھا ٹکٹ نہ ملنے پر ناراض ہیں اور اس سلسلے میں انھوں نے پی ایم مودی و بی جے پی قومی صدر امت شاہ سے ملاقات کرنے کی کوشش کی لیکن کامیابی نہیں ملی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

شمال مغربی دہلی لوک سبھا سیٹ سے بی جے پی نے ابھی تک اپنے امیدوار کے نام کا اعلان نہیں کیا ہے اور اس سے سب سے زیادہ بے چینی اس سیٹ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ اُدت راج کو ہو رہی ہے جنھوں نے 2014 میں کانگریس کی کرشنا تیرتھ کو شکست دے کر دلتوں کی آواز بلند کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ لیکن مودی حکومت میں نہ ہی دلتوں کو انصاف ملا اور نہ ہی اُدت راج کو پارٹی میں کوئی خاص اہمیت دی گئی۔ اب اندیشہ یہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس لوک سبھا سیٹ سے اُدت راج کا پتہ کاٹ کر پارٹی کسی دوسرے لیڈر کو موقع دینا چاہتی ہے۔ لیکن ان سب سے اُدت راج بہت ناراض ہیں اور انھوں نے پارٹی کو ’گُڈ بائے‘ کہہ کر بطور آزاد امیدوار کھڑا ہونے کا ذہن تیار کر لیا ہے۔ منگل کی صبح انھوں نے اپنے ایک ٹوئٹ میں واضح لفظوں میں کہہ بھی دیا ہے کہ ’’میں ٹکٹ کا انتظار کر رہا ہوں۔ اگر مجھے ٹکٹ نہیں دیا گیا تو میں پارٹی کو ’گڈ بائے‘ کہہ دوں گا۔‘‘

اُدت راج بی جے پی صدر امت شاہ سے اس معاملے میں ملاقات کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انھیں کامیابی نہیں مل رہی ہے۔ اس درمیان انھوں نے پیر کے روز صاف کر دیا تھا کہ وہ منگل کے روز اپنا پرچہ نامزدگی شمال مغربی دہلی لوک سبھا سیٹ سے داخل کریں گے۔ پیر کے روز بھی اُدت راج نے کئی ٹوئٹ کیے تھے اور کہا تھا کہ اگر پارٹی نے انھیں ٹکٹ نہیں دیا تو یہ دلتوں کے ساتھ دھوکہ ہوگا۔

پیر کے روز ایک ٹوئٹ میں اُدت راج نے واضح لفظوں میں لکھا تھا کہ ’’امت شاہ جی آپ سے کئی بار بات کرنے کی کوشش کی، ایس ایم ایس بھی بھیجا اور وزیر اعظم نریندر مودی جی سے بھی بات کرنے کی کوشش کی۔ منوج تیواری جی لگاتار کہتے رہے ہیں کہ ٹکٹ میرا ہی ہوگا، نرملا سیتارمن جی سے بھی کوشش کی لیکن بات نہیں ہو سکی اور ارون جیٹلی جی سے بھی گزارش کی۔‘‘ اس کے بعد وہ ایک دیگر ٹوئٹ میں لکھتے ہیں کہ ’’ پورے ملک سے میرے کروڑوں حامی ٹکٹ کو لے کر بے چین ہیں۔ شمال مغربی دہلی سے میرا نام ابھی تک اعلان نہیں کیا گیا۔ میرے حامیوں نے آج شام 4 بجے تک کا انتظار کرنے کو کہا ہے۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ اُدت راج کی اپنی پارٹی ’انڈین جسٹس پارٹی‘ کے نام سے تھی جس کو انھوں نے 2014 عام انتخابات سے قبل بی جے پی میں ضم کر دیا تھا۔ اتر پردیش کے رام نگر میں پیدا ہوئے ادت راج نے الٰہ آباد یونیورسٹی اور دہلی واقع جے این یو سے پڑھائی مکمل ہے۔ درج فہرست ذات و قبائل طبقہ کے حقوق کو لے کر سرگرم رہنے والے ادت راج کالج کے وقت سے ہی اپنے خیالات کھل کر رکھتے رہے ہیں۔ ہندو مذہب کے نظامِ ذات کے ناقد ادت راج نے 2001 میں بودھ مذہب قبول کر لیا تھا۔ اپنی سیاسی سوچ کو زمین پر اتارنے کے لیے 24 نومبر 2003 کو سرکاری ملازمت سے استعفیٰ دے کر ’انڈین جسٹس پارٹی‘ قائم کیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔