بی جے پی رکن پارلیمنٹ روپا گنگولی کے بیٹے نے کار سے کلب کی دیوار پر ماری ٹکر، گرفتار

کچھ اقتدار کا نشہ اور کچھ حقیقی نشہ اور جب دونوں نشے مل جائیں تو پھر کوئی دیوار سامنے نہیں آ سکتی۔ کچھ ایسا ہی بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ روپا گانگولی کے بیٹے کے ساتھ ہوا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال سے بی جے پی کی رکن پارلیمنٹ روپا گنگولی کے بیٹے آکاش مکھرجی پر الزام ہے کہ اس نے جنوبی کولکاتا کے ایک کلب کی دیوار میں اپنی کار سے ٹکر مار دی۔ ان کے اوپر الزام ہے کہ گاڑی چلاتے وقت وہ نشہ کی حالت میں تھے۔ پولس ذرائع نے بتایا کہ آکاش مکھرجی گولف گارڈن علاقہ میں جمعرات کی رات کو اپنی کار موڑ رہا تھا تبھی کار کلب کی دیوار سے ٹکرا گئی۔ 21 سال کے آکاش مکھرجی پر تعزیرات ہند کی دفعہ 427، دفعہ 279 کے تحت پولس نے مقدمہ درج کیا ہے۔ خبروں کے مطابق آکاش کو پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔

اس واقعہ پر رکن پارلیمنٹ روپا گنگولی نے ٹوئٹ کیا ’’میرا بیٹا میری رہائش گاہ کے پاس حادثہ کا شکار ہو گیا۔ میں نے پولس کو فون کیا تاکہ وہ قانونی پہلؤوں کو دیکھیں، مہربانی کر کے کوئی ہمدردی یا سیاست نہ کی جائے۔ میں اپنے بیٹے سے پیار کرتی ہوں اور اس کا دھیان رکھوں گی لیکن قانون کو اپنا کام کرنا چاہیے‘‘۔



اس حادثہ کو لے کر مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ کئی لوگ اس میں بال بال بچ گئے کیونکہ کار کی رفتار بہت تیز تھی۔ ٹکر اتنی شدید تھی کہ کار کا ایک حصہ پوری طرح ٹوٹ گیا اور ڈرائیور اس میں پھنس گیا۔ انہوں نے وزیر اعظم کو ٹیگ کرتے ہوئے کہا ہے ’’نہ میں غلط کرتی ہوں، نہ غلط سہتی ہوں۔ میں بکاؤ نہیں ہوں‘‘۔ مقامی لوگوں میں سوال ضرور ہے کہ یہ حادثہ نشہ کی وجہ سے ہوا ہے اور کہیں نہ کہیں والدہ کے رکن پارلیمنٹ ہونے کا بھی نشہ ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 16 Aug 2019, 11:10 AM