سی اے اے-این آر سی کی غلط فہمی دور کرنے پہنچے بی جے پی لیڈر کی لوگوں نے کر دی پٹائی!

اتر پردیش بی جے پی ضلع اقلیتی سیل کے جنرل سکریٹری مرتضیٰ کاظمی جب این آر سی اور شہریت قانون کے بارے میں سمجھانے کے لیے امروہہ کے لکڑا محلہ پہنچے تو ناراض بھیڑ نے انھیں گھیر لیا اور پٹائی شروع کر دی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

امروہہ ضلع میں شہریت قانون اور این آر سی کے فائدے بتانے کے دوران بی جے پی کے ایک لیڈر کی مقامی لوگوں نے زبردست پٹائی کر دی۔ مشکل حالات کو دیکھتے ہوئے بالآخر بی جے پی لیڈر کو وہاں سے راہ فرار اختیار کرنا پڑا۔ موصولہ رپورٹ کے مطابق پارٹی کے ضلع اقلیتی سیل کے جنرل سکریٹری مرتضیٰ آغا کاظمی کو جمعہ کے روز امروہہ واقع لکڑا محلہ میں اس وقت گھیر کر پٹائی شروع کر دی گئی جب وہ لوگوں کو شہریت قانون اور این آر سی کے بارے میں بتا رہے تھے۔

بی جے پی کی اقلیتی سیل لوگوں کو سی اے اے اور این آر سی کے بارے میں سمجھانے کے لیے اور یہ بتانے کے لیے کہ سی اے اے اور این آر سی ہندوستانی مسلمانوں کا یہاں رہنے کا حق نہیں چھین رہا ہے، اور انھیں اس کی مخالفت نہیں کرنی چاہیے، ایک پروگرام منعقد کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ لیکن بی جے پی اقلیتی سیل کی کوشش بری طرح ناکام ثابت ہو گئی۔ کچھ میڈیا ذرائع میں اس طرح کی خبریں آئی ہیں کہ کاظمی کو لوگوں نے دوڑا دوڑا کر پیٹا۔


اس سلسلے میں کاظمی نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ "میں جمعہ کو امروہہ کے لکڑا محلہ میں ایک دکان پر گیا اور مسلمانوں کے درمیان سی اے اے اور این آر سی کو لے کر بیداری پھیلانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسی درمیان ایک راجہ علی نامی شخص نے اچانک میرے اوپر حملہ کر دیا۔ اس نے میرا گلا دبانے کی کوشش کی۔ میں وہاں سے جیسے تیسے بھاگا۔ اس کے خلاف میں نے ایف آئی آر درج کرا دیا ہے۔"

امروہہ کے پولس سپرنٹنڈنٹ وپن تاڑا کا اس تعلق سے کہنا ہے کہ معاملہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزم کو گرفتار بھی کر لیا گیا ہے۔ اس سے پورے واقعہ کی پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ ہفتہ شہریت قانون اور این آر سی کے خلاف ہوئے مظاہروں کو دیکھتے ہوئے امروہہ میں پولس کو الرٹ پر رکھا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔