اتر پردیش: بی جے پی رکن اسمبلی کو پارٹی لیڈر نے ہی دی گولی مارنے کی دھمکی!

بھدوہی ضلع کے اورائی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی رکن اسمبلی دیناناتھ بھاسکر نے کہا ہے کہ انھیں اپنی ہی پارٹی کے عہدیدار کا فون آیا اور اس نے انھیں گولی مارنے کی دھمکی دی۔

دیناناتھ بھاسکر، تصویر آئی اے این ایس
دیناناتھ بھاسکر، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بھدوہی ضلع کے اورائی اسمبلی حلقہ سے بی جے پی رکن اسمبلی دیناناتھ بھاسکر نے کہا ہے کہ انھیں اپنی ہی پارٹی کے عہدیدار کا فون آیا جس نے انھیں گولی سے مارنے کی دھمکی دی۔ اس کال کی آڈیو کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی، جب کہ بھاسکر نے پارٹی قیادت کے ساتھ ساتھ پولس کو بھی اس فون کال کے بارے میں مطلع کیا۔ بھدوہی کے پولس سپرنٹنڈنٹ رام بدن سنگھ نے کہا کہ ’’رکن اسمبلی نے ابھی تک کوئی تحریری شکایت نہیں دی ہے۔ لیکن جیسا کہ انھیں دھمکی دی گئی ہے، پولس نے معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے اور جانچ کی بنیاد پر آگے کی کارروائی شروع کرے گی۔‘‘

رام بدن سنگھ نے کہا کہ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ بی جے پی سے جڑے ایک شخص دھیریندر دوبے اپنے 14 سالہ بیٹے کو لے کر پریشان تھا، جو اتوار کی دوپہر کو گھر سے نکلا تھا اور پیر تک واپس نہیں آیا۔ حالانکہ لڑکا پیر کی دیر شام گھر لوٹا، لیکن اس سے پہلے دوبے نے اندیشہ ظاہر کیا کہ لڑکے کا اغوا کر لیا گیا ہے۔ اس نے بھاسکر سے پوچھ تاچھ کی اور پوچھا کہ انھوں نے عوامی نمائندہ ہونے کے باوجود ان کے (دوبے کے) بیٹے کی بہ حفاظت واپسی کے لیے انھوں نے ایس پی اور دیگر سینئر پولس افسران پر دباؤ کیوں نہیں ڈالا۔ دوبے نے یہ بھی دھمکی دی کہ اگر ان کے بیٹے کے ساتھ کوئی بھی افسوسناک واقعہ ہوا تو وہ رکن اسمبلی کو گولی مار دیں گے۔


رابطہ کیے جانے پر رکن اسمبلی بھاسکر نے کہا کہ ’’جس شخص نے مجھے فون کیا اور فون پر دھمکی دی، وہ بھدوہی ضلع میں بی جے پی کی ایک ڈویژنل یونٹ میں جنرل سکریٹری ہے۔ جیسا کہ مجھے دھمکی دی گئی تھی، میں نے فوراً پارٹی اعلیٰ کمان کو مطلع کیا اور اسے ایس پی و دیگر سینئر افسران کی جانکاری میں بھی لایا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔