کیجریوال پر قابل اعتراض بیان دینا بگا کو پڑا مہنگا ،پنجاب پولیس نے کیا گرفتار

بی جے پی لیڈرتیجندر پال سنگھ بگا کو پنجاب پولیس نے دہلی سے گرفتار کیا ہے اور ان پر الزام ہے کہ انہوں نے اروند کیجریوال کے خلاف قابل اعتراض بیان دیا تھا۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بی جے پی لیڈر تیجندر پال سنگھ بگا کو پنجاب پولیس نے دہلی سے گرفتار کر لیا ہے۔ بگا کے خلاف یکم اپریل کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔ ان پر اشتعال انگیز بیانات دینے، دشمنی کو فروغ دینے اور مجرمانہ دھمکیاں دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ دراصل بگا فلم کشمیر فائلز پر دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے بیان پر حملہ آور رہے ہیں۔

واضح رہے مارچ کے مہینے میں دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اسمبلی میں کشمیری پنڈتوں کے اخراج پر بننے والی فلم’ دی کشمیر فائلز‘ کو ٹیکس فری نہ کرنے کے بارے میں بیان دیا تھا جس پر کافی ہنگامہ ہوا تھا ۔اس پر بگا نے ٹویٹ کرتے ہوئے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کے خلاف توہین آمیز تبصرہ کیا تھا۔ اس سے قبل چھتیس گڑھ میں بھی بگا کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی تھی، جس میں بگا پر سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کرنے کا الزام لگایا گیا تھا۔


جب عآپ رہنما نے انہیں اشتعال انگیز بیان کی ایف آئی آر کے بارے میں بتایا تو اس پر تیجندر پال سنگھ بگا نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ٹویٹ کیا۔ بگا نے ٹویٹ کر کے لکھا تھا کہ ’’ایک نہیں 100 ایف آئی آر کرنا لیکن میں ڈرنے والا نہیں، اگر کیجریوال کشمیری ہندوؤں کی نسل کشی کو جھوٹا کہے گا تو میں بولوں گا ، اگر کیجریوال کشمیری ہندوؤں کی نسل کشی پر ہنسے گا ، تو میں بولوں گا، چاہے مجھے اس کے لئے کچھ بھی نتائج بھگتنے پڑیں میں نتائج بھگتنے کے لئے تیار ہوں۔میں کیجریوال کو چھوڑنے والا نہیں ہوں، ناک میں نکیل ڈال کر رہوں گا۔‘‘

بگا کی گرفتاری پر عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی نریش بالیان نے کہا، ’’ لچے لفنگو کی پارٹی بی جے پی کے رہنما بگا کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال کو جینے نہ دینے کی دھمکی دی تھی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */