یو پی: بی جے پی کی خاتون لیڈر نے کورونا کو مارنے کے لیے چلائی گولی، ایف آئی آر درج

پولیس نے پیر کو بتایا کہ بی جے پی مہیلا مورچہ کی ضلع صدر منجو تیواری نے اتوار کو اپنے گھر پر دیا جلانے کے بعد ہوا میں فائرنگ کی۔ بعد ازاں لیڈر نے خود ہی اپنا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کر دیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بلرامپور: وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اتوار کو رات 9 بجے 9 منٹ تک چراغاں کرنے کی اپیل کے دوران بعد اترپردیش کے ضلع بلرامپور میں 'دیا' جلانے کے بعد کورونا وائرس کو مارنے کے لئے ہوا میں فائرنگ کرنے والی بی جے پی کی سینئر خاتون لیڈر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

پولیس نے پیر کو بتایا کہ بی جے پی مہیلا مورچہ کی ضلع صدر منجو تیواری نے اتوار کو اپنے گھر پر دیا جلانے کے بعد ہوا میں فائرنگ کی۔ بعد ازاں لیڈر نے خود ہی اپنا یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اپلوڈ کردیا۔ منجو تیواری نے ہوا میں فائرنگ کے لئے اپنے شوہر پرکاش تیواری کی لائسنسی بندوق کا استعمال کیا ہے۔

پولیس نے بتایا کہ اس ضمن میں متعلقہ سیکشن کے تحت بی جے پی لیڈر کے خلاف کوتوالی پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر در ج کی گئی ہے۔ وہیں بی جے پی لیڈر نے اپنے کیے پر ندامت کا اظہار کرتے ہوئے معافی مانگی اور مستقبل میں ایسی غلطی دوبارہ نہ سرزد ہونے کا وعدہ کیا۔

یوپی کانگریس کے صدر اجے کمار للو نے اس واقعہ کے بارے میں ریاستی حکومت کی یہ کہتے ہوئے تنقید کی کہ "بی جے پی لیڈران اور کارکنان لاک ڈاؤن کی دھجیاں اڑانے میں سب سے پیش پیش ہیں۔ انہوں نے اس ضمن میں پارٹی لیڈروں کے خلاف یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے کی گئی کارروائی کے بارے میں بھی جاننا چاہا۔