کنہیا کے ساتھ بی جے پی نے غلط کیا تھا، بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی اہلیہ کا بیان

سونم نے کہا کہ ان کے شوہر کی پارٹی نے کنہیا کمار کے ساتھ جو کچھ کیا وہ پوری طرح سے غلط تھا ’’کنہیا کے ساتھ بہت غلط ہوا، باہر کے لوگوں کا یہی تاثر ہے کہ کنہیا کمار ٹکڑے ٹکڑے گینگ کے سربراہ ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

لداخ سے نوجوان رکن پارلیمنٹ جم یانگ سرینگ نامگیال نے آرٹیکل370 پر لوک سبھا میں اپنے پہلے خطاب سے جو راتوں رات شہرت حاصل کی، ایسی شہرت کم ہی کسی ارکان پارلیمنٹ کو ملتی ہے۔ ان کی تقریر کو وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹوئٹ کیا اور بہت تعریف کی۔ وزیر اعظم اور امت شاہ کو تو تعریف کرنی ہی تھی کیونکہ جم یانگ سیرنگ نے جموں و کشمیر پر حکومت کے فیصلہ کا دفاع کرتے ہوئے وزیر اعظم کی جم کر تعریف کی تھی لیکن ان کے علاوہ بھی کئی لوگوں نے ان کے خطاب کی تعریف کی۔

ہیڈ لائنس ٹو ڈے کے نیوز ڈائریکٹر راہل کنول لداخ گئے اور جم یانگ اور ان کے اہل خانہ سے گفتگو کی۔ اس گفتگو کے دوران ایک خاص بات سامنے آئی کہ جم یانگ سیرنگ نے جس لڑکی کو چھ ماہ پہلے اپنی شریک حیات بنایا ہے اس نے جواہر لال نہرو یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ہے اور کنہیا کمار کے خلاف وہ ایک بات بھی نہیں سن سکتی۔ رکن پارلیمنٹ جم یانگ کی اہلیہ سونم وانگ مو اپنے شوہر کی بڑھتی مقبولیت سے تو بہت خوش ہیں لیکن اپنے شوہر کی پارٹی کے نظریات سے بالکل اتفاق نہیں رکھتیں۔


سونم وانگ مو اعتراف کرتی ہیں ’’جیسے سب ہندوستانیوں کو ان کا خطاب بہت پسند آیا، میں بھی لوک سبھا میں ان کے خطاب سے بہت متاثر ہوں‘‘۔ ان دونوں کی شادی کو ابھی صرف چھ ماہ ہوئے ہیں، سونم نے بتایا کہ شادی سے پہلے بھی جم یانگ سیرنگ جے این یو میں اپنے دوستوں سے ملنے آتے تھے، وہیں پر ان سے مختصر سی ملاقات ہوئی تھی۔ زبردست نظریاتی اختلافات کے باوجود دونوں کے بہت خوشگوار ازدواجی تعلقات ہیں اور جم یانگ اپنی اہلیہ کی تعریف کرتے نہیں تھکتے ان کا کہنا ہے کہ ’’وہ ہر چیز میں بہت تعاون کرتی ہیں‘‘۔

جب سونم سے پوچھا گیا کہ جے این یو تو بائیں محاذ کا گڑھ اور آپ نے ایک سنگھی سے شادی کرلی، تو انہوں نے مسکراتے ہوئے جواب دیا ’’ان سب میں (شادی میں) آئیڈیو لوجی (نظریات) کہاں چلتے ہیں‘‘۔ سونم نے کہا کہ ان کے شوہر اپنے نظریات کی جانب انہیں راغب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جب اس سلسلے میں جم یانگ سیرنگ سے پوچھا گیا تو انہوں نے کہا ’’فیملی ماحول الگ ہوتا ہے اور سیاسی نظریات الگ ہوتے ہیں اور میں نے کوئی سیاسی شادی نہیں کی ہے‘‘۔


سونم نے تھوڑا طنز کرتے ہوئے کہا ’’دونوں میں سیاسی اختلافات ہوتے ہیں لیکن یہ جیت جاتے ہیں کیونکہ ابھی ان کا راج ہے‘‘۔ جم یانگ سیرنگ نے کہا ’’میں پارلیمنٹ میں کہہ رہا تھا کہ سننے کی قووت رکھیے، گھر میں سونم مجھے کہتی ہیں کہ سننے کی قووت رکھیے‘‘۔ سونم نے بتایا کہ جب ان کے شوہر پارلیمنٹ میں سننے کی قووت رکھیے والی بات کہہ رہے تھے تو اسی وقت میں نے دل میں سوچ لیا تھا کہ اب وہ ان سے یہی بولیں گی۔

سونم نے راہل کنول سے کہا کہ انہوں نے انہیں کنہیا کمار کی کھنچائی کرتے ہوئے خوب دیکھا ہے۔ سونم نے بتایا کہ جو کنہیا کمار کے خلاف ویڈیو اور آڈیو چلائی گئیں تھی وہ سب فیک (فرضی) تھیں کیونکہ وہ سب کچھ ان کے ہوسٹل کے سامنے ہوا تھا۔ سونم نے کہا کہ ’’بہت سارے لوگ جن کا کسی سیاسی پارٹی سے کوئی تعلق نہیں تھا وہ اس کے گواہ تھے اور ہم سب جانتے تھے کہ کنہیا کمار وہاں نہیں تھا۔ کنہیا کو تو بعد میں پولس نے پھنسایا تھا کیونکہ وہ طلباء کے رہنما تھے‘‘۔ سونم چونکہ کنہیا کمار کے ساتھ پڑھی ہوئی ہیں، انہوں نے صاف کہا کہ ان کے شوہر ان کے سیاسی خیالات نہیں بدل پائے ہیں اور ابھی تک وہ اپنے خیالات اور نظریات پر قائم ہیں۔ جم یانگ سیرنگ اپنی اہلیہ کو اپنے نظریات کی کتابیں دیتے ہیں لیکن انہوں نے ان کتابوں کو پڑھا تک نہیں۔


سونم نے کہا کہ ان کے شوہر کی پارٹی نے کنہیا کمار کے ساتھ جو کچھ کیا وہ پوری طرح سے غلط تھا ’’کنہیا کے ساتھ بہت غلط ہوا، باہر کے لوگوں کا یہی تاثر ہے کہ کنہیا کمار ٹکڑے ٹکڑے گینگ کے سربراہ ہیں۔ میرے جیٹھ کا بھی یہی خیال ہے‘‘۔ سونم نے اپنے شوہر کے اس دعوے کی تردید کی کہ پوری دنیا نے دیکھا ٹکڑے ٹکڑے گینگ کو۔ سونم نے کہا کہ ’’جو دکھایا گیا وہ بہت غلط تھا، میں اس وقت وہیں پر تھی اور کنہیا کمار وہاں نہیں تھے۔ میں اسی وقت اپنی لیب سے آئی تھی۔ میں نے خود دیکھا کہ وہاں کیا ہو رہا تھا۔ میں نے خود دیکھا کہ کافی لمبے چوڑے لوگ چہرے پر نقاب پہنے ہوئے تھے اور نعرہ لگا رہے تھے، کیمپس میں کبھی ایسا نعرہ نہیں لگا‘‘۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Aug 2019, 2:10 PM
/* */