نوجوانوں کے مستقبل سے کھیلنا بی جے پی کا ہے طرز عمل: اکھلیش

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: اتردیش کی راجدھانی لکھنؤ میں بی ٹی سی امیدواروں پر ہوئے لاٹھی چارج کی مذمت کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے گزشتہ کو کہا کہ نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ کرنا برسراقتدار پارٹی بی جے پی کا پرانا طرز عمل ہے۔

بی ٹی سی امیدواروں کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی نفرت و عداوت سے کام کرتی ہے۔ نوجوانوں کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کرنا بی جے پی کا پرانا طرز عمل ہے۔ سماج وادی پارٹی طلبا و نوجوانوں کے مفاد کی لڑائی ہمیشہ لڑتی رہی ہے۔ اکھلیش یادو نے بی ٹی سی امیدواروں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ایک بھی نوکری نہیں دی ہے اور جو مانگنے آیا اسے بدلے میں لاٹھی ملی۔ بی جے پی کے کام کرنے کا جو طریقہ ہے اس سے ریاست کے نوجوان سخت غصے میں ہیں۔ وہ پہلے ہی بے روزگاری اور معاشی تنگی جھیل رہے ہیں، بی جے پی حکومت نے طلبہ و نوجوانوں کے سپنوں کو توڑا ہے۔ نوجوان کو روزگار دلانے میں یہ حکومت پوری طرح سے ناکام رہی ہے۔ حکومت نے جو بربر رویہ بی ٹی سی امیدواروں کے ساتھ کیا ہے وہ بے حد شرمناک ہے۔ سماجوادی پارٹی حکومت کے اس رویہ کی سخت مذمت کرتی ہے۔

تربیت یافتہ ٹیچروں نے سابق وزیر اعلی کو بتایا کہ اسمبلی کے سامنے پر امن طریقے سے اپنے مطالبات کی تکمیل کے لئے احتجاج کر رہے بی ٹی سی امیدواروں کو پولس نے بے رحمی کے ساتھ لاٹھیاں برسائیں جس کی وجہ سے کئی خاتون اور مرد امیدوار سنگین طور سے زخمی ہوئے ہیں۔ ساتھ ہی کئی لوگوں کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔

وفد نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں روزگار کے مواقع ختم کئے جا رہے ہیں ، موجودہ حکومت میں اب تک کوئی بھی ویکنسی پوری نہیں کی جاسکی ہے۔ بی ٹی سی امیدوار 13 اگست سے احتجاج کر رہے ہیں لیکن ریاست کی حکومت نے اس ضمن میں اب تک کوئی سنجیدگی نہیں دکھائی ہے۔ اس کے برخلاف امیدواروں کو بری طرح سے پیٹا جارہا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔