بہار: نالندہ کے شیتلا مندر میں بھگدڑ، 8 عقیدت مندوں کی موت، انتظامیہ پر اُٹھے سوال

زیادہ بھیڑ اور ناکافی انتظامات کی وجہ سے افسوسناک واردات پیش آئی۔ حادثے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے فوری طور سے میلہ اور مندر کو بند کروا دیا۔ راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا گیا ہے

<div class="paragraphs"><p>علامتی تصویر</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

بہار کے نالندہ ضلع سے ایک افسوسناک خبر سامنے آئی ہے جہاں آج (منگل) صبح  ایک مندر میں بھگدڑ مچنے سے 8 خواتین عقیدت مندوں کی موت ہو گئی۔ بھگدڑ میں کئی دیگر لوگ زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں متعدد کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔ جس کی وجہ سے خیال کیا جا رہا ہے کہ مرنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ واقعہ دیپ نگر تھانہ علاقہ کے تحت مگھرا گاؤں واقع مشہور شیتلا دیوی مندر میں پیش آیا۔ واردات کے بعد مندر احاطے میں کہرام مچ گیا۔

بتایا جا رہا ہے کہ زیادہ بھیڑ اور ناکافی انتظامات کی وجہ سے افسوسناک واردات پیش آئی۔ حادثے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے فوری طور سے میلہ اور مندرکو بند کروا دیا۔ راحت اور بچاؤ کام شروع کر دیا گیا ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے۔ حالانکہ انتظامیہ نے ابھی تک ہلاک ہونے والے عقیدت مندوں کی صحیح تعداد کی تصدیق نہیں کی ہے۔


غور طلب ہے کہ یہاں ہر منگل کو ہزاروں کی تعداد میں عقیدت مند پوجا کرنے آتے ہیں۔ ’اے بی پی نیوز‘ کے مطابق اس منگل کو سیکورٹی کے انتظامات مکمل طور پرخراب نظرآئے۔ پوجا میں شرکت کرنے کے لیے عقیدت مندوں کی بڑی بھیڑ جمع ہوئی تھی جس میں کسی وجہ سے بھگدڑ مچ گئی۔ واردات کی اصل وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔ اطلاع ملتے ہی کئی ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچیں۔ ایس ڈی ایم بھی موقع پرپہنچ گئے۔ اس واردات میں زخمی ہونے والے عقیدت مندوں کی تعداد تقریباً 10 سے 12 بتائی جارہی ہے۔ زخمیوں کو علاج کے لیے صدر اسپتال بھیجا گیا ہے۔ مندر کے احاطے کو مکمل طور پر خالی کرا لیا گیا ہے۔ واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر موجود ہے۔

کہا جارہا ہے کہ آج چیتر کا آخری منگل ہونے کی وجہ سے بھیڑ زیادہ تھی۔ نہ مندر انتظامیہ نے لائنوں میں درشن کرانے کا انتظام کیا تھا اور نہ ہی پولیس سیکورٹی کا انتظام تھا۔ جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی۔ درشن کی جلدی میں عقیدت مند لائن توڑ کر آگے بڑھنے لگے۔ اس دوران اچانک بھگدڑ مچنے کے بعد لوگ ادھر ادھر بھاگنے لگے۔ اسی دوران کئی خواتین بھیڑ میں دب گئیں اور کچلنے سے ان کی موت ہوگئی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ واردات زیادہ بھیڑ اور انتظامات کی کمی کی وجہ سے ہوئی۔ واقعے کے بعد راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔


وہیں دوسری طرف یہاں کی نالندہ یونیورسٹی آج اپنا یوم تاسیس منارہی جس میں صدر جموریہ دروپدی مرمو بھی شرکت کرنے والی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی نالندہ یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ اس سے یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا اس طرح کے واقعہ کی وجہ سے مندر کے حفاظتی انتظامات میں ڈھیل تھی؟

مندر میں بھگدڑ کی واردات ایسے وقت ہوئی ہے جب یہاں کی نالندہ یونیورسٹی آج اپنا یوم تاسیس منارہی جس میں صدر جموریہ دروپدی مرمو بھی شرکت کرنے والی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی نالندہ یونیورسٹی کے کانووکیشن میں شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ نائب وزیر اعلیٰ سمراٹ چودھری بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔ انتظامی مشینری صدر کے نالندہ دورے کی تیاریوں میں مصروف تھی اور یہ بڑا واقعہ سامنے آیا۔ واقعے کے بعد ایک گھنٹے تک لوگ اپنے پیاروں کی تلاش میں مصروف رہے۔ زیادہ تر لوگ اپنے اہل خانہ کے ساتھ آئے ہوئے تھے جس کی وجہ سے بچوں کی تعداد بھی زیادہ تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔