بہار: مریض کے داہنے پیر میں تھا فریکچر، بائیں کا کر دیا آپریشن، اب دینے ہوں گے 8 لاکھ روپے

متاثرہ جانکی کنور کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق ان کے داہنے پیر میں فریکچر تھا لیکن آپریشن بائیں پیر کا کر دیا گیا۔ اس پر اہل خانہ نے اعتراض کیا تو پھر داہنے پیر کا بھی آپریشن کیا گیا۔

ڈاکٹر، تصویر آئی اے این ایس
i

بہار کے سیوان میں ایک ڈاکٹر کو علاج کے دوران لاپرواہی کرنا بھاری پڑ گیا۔ مریض کی شکایت کے بعد ’ڈسٹرکٹ کنزیومر ڈسپیوٹ ریڈریسل کمیشن‘ (ڈی سی ڈی آر سی) نے لاپرواہی برتنے والے ڈاکٹر کو ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے شکایت کنندہ مریض کو 8 لاکھ روپے بطور معاوضہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس کے علاوہ متاثرہ کو ڈاکٹر کی وجہ سے جو ذہنی اور جسمانی تکلیف برداشت کرنی پڑی اس کے لیے ڈاکٹر کو اسے 20 ہزار روپے اور مقدمے کے خرچ کے طور پر 5 ہزار روپے دینے ہوں گے۔

واضح رہے کہ مذکورہ معاملہ غلط پیر کے آپریشن سے متعلق ہے۔ دراصل جانکی کنور کے داہنے پیر میں فریکچر ہو گیا تھا۔ ان کے پیر کا ایکسرے نکال کر ان کو متعلقہ اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ جانکی کنور کی جانب سے درج کرائی گئی شکایت کے مطابق ان کے داہنے پیر میں فریکچر تھا لیکن آپریشن بائیں پیر کا کر دیا گیا۔ اس پر اہل خانہ نے اعتراض کیا تو پھر داہنے پیر کا بھی آپریشن کیا گیا۔ شکایت کنندہ جانکی کنور کی جانب سے کئی رپورٹس بطور ثبوت ’ڈسٹرکٹ کنزیومر ڈسپیوٹ ریڈریسل کمیشن‘ کے سامنے پیش کی گئی۔


ہندی نیوز پورٹل ’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ پر شائع ایک رپورٹ کے مطابق شکایت کنندہ نے جو رپورٹس کمیشن کے سامنے بطور ثبوت پیش کیں، ان میں طبی دستاویزات، ایکسرے رپورٹ، ایکسرے پلیٹ، ڈسچارج سلپ، جانچ رپورٹ اور قانونی نوٹس شامل تھا۔ دوسری جانب مخالف فریق نے ان الزامات سے انکار کرتے ہوئے شکایت کو خارج کرنے کا مطالبہ کیا۔ کمیشن نے اس معاملے میں فریقین کے دلائی سنے اور پیش کیے گئے ثبوتوں پر غور کیا۔ اس کے بعد کمیشن نے یہ مانا کہ اس معاملے میں طبی طور پر لاپرواہی برتی گئی ہے۔ خدمات میں کمی کی گئی ہے۔ کمیشن نے پایا کہ داہنے پیر میں فریکچر تھا لیکن بائیں پیر کا آپریشن کر دیا گیا۔ بعد میں داہنے پیر کا آپریشن کیا گیا۔ اسی لاپرواہی کے باعث کمیشن نے شکایت کنندہ مریض کے حق میں فیصلہ سنایا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔