بہار انتخابات: آر جے ڈی کا منشور جاری، ’وعدوں کو ہر حال میں پورا کریں گے‘ تیجسوی یادو

تیجسوی یادو نے کہا، یہ ہمارا منشور نہیں، ہمارا عزم ہے، ہم بہار کو بہتر اور خوشحال بنائیں گے۔ ہم اسمارٹ گاؤں بنائیں گے، ٹھیکیداری کو ختم کر دیں گے اور یکساں کام کی یکساں تنخواہ فراہم کی جائے گی

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @scribe_prashant
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @scribe_prashant
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار اسمبلی انتخابات 2020 کے لئے راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) نے اپنا منشور جاری کر دیا ہے۔ پارٹی نے منشور کے ساتھ اپنی انتخابی مہم کا ترانہ (کیمپین سانگ) بھی جاری کیا۔ اس موقع پر تیجسوی یادو نے کہا، یہ ہمارا منشور نہیں، ہمارا عزم ہے، ہم بہار کو بہتر اور خوشحال بنائیں گے۔ ہم اسمارٹ گاؤں بنائیں گے، ٹھیکیداری کو ختم کر دیں گے اور یکساں کام کی یکساں تنخواہ فراہم کی جائے گی۔

آر جے ڈی کے منشور مزید وعدوں کے مطابق، بہار میں موجودہ بجلی کی شرحوں کو کم کیا جائے گا۔ چینی، جوٹ، مکاھانا، پھلوں کے رس، دلیا، ڈبا بند کھانے کی اشیا، ڈبا بند پھل اور سبزیاں، ماہی گیری، مرغی اور بطخ پروری اور شہد کے کاروبار کے لئے بغیر سود کے قرض دیا جائے گا۔


بہار انتخابات: آر جے ڈی کا منشور جاری، ’وعدوں کو ہر حال میں پورا کریں گے‘ تیجسوی یادو

منشور میں کئے گئے وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے پارٹی رہنما تیجسوی یادو نے کہا کہ بی جے پی نوکری دینے کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا وعدہ سچا ہے، اگر وہ چاہتے تو وہ بھی این ڈی اے کی طرح 50 لاکھ ملازمتوں کا جھوٹا وعدہ کرسکتے تھے لیکن انوہں نے ایسا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم جو کہتے ہیں وہ کر کے دکھاتے ہیں اور انہوں نے محکموں میں خالی پڑی اسامیوں کے مطابق ہی ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

تیجسوی یادو نے کہا کہ ’’جو لوگ میرے اعلانات کا مذاق اڑاتے ہیں وہ اب خود روزگار دینے کی بار کر رہے ہیں۔ بی جے پی کہہ رہی ہے کہ ہم روزگار دیں گے تو دوسری طرف وزیر اعلیٰ نتیش کمار نوکری دینے میں ہاتھ کھڑے کر رہے ہیں۔ بی جے پی اپنا وزیر اعلیٰ کا چہرہ تک طے نہیں کر پائی ہے۔ ان کی پارٹی کے سشیل مودی تو بہاریوں کو بے عزت کرنے میں بھی کمی نہیں رکھتے ہیں۔ ان کا بیان بھی آئے دن بدلتا رہتا ہے۔‘‘


اس موقع پر آر جے ڈی کے ترجمان منوج جھا نے کہا کہ اگر ان کی پارٹی کی حکومت بنی تو تعلیم کے بجٹ کو بڑھا کر 22 فیصد کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گاؤں اور شہروں کے درمیان سہولیات کا فرق ختم کیا جائے گا۔ جھا نے کمپیوٹر کی تعلیم کو فروغ دینے بھی وعدہ کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Oct 2020, 11:11 AM