بہار: ’سُشاسن راج‘ میں نہیں تھم رہے جرائم، پریشان ڈی جی پی نے پولس کو دیا ’نیا ٹاسک‘

نتیش کمار کے ایک بار پھر برسراقتدار ہونے کے بعد راجدھانی پٹنہ سمیت پورے صوبے میں مجرمانہ واقعات بڑھ گئے ہیں۔ اپوزیشن کے ساتھ ساتھ بی جے پی لیڈران بھی نتیش حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

ایس کے سنگھل، تصویر آئی اے این ایس
ایس کے سنگھل، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار میں بے لگام ہوتے مجرمانہ واقعات پر نتیش حکومت سے لے کر پولس تک کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پولس محکمہ کی فضیحت کو دیکھتے ہوئے ریاست کے ڈائریکٹر جنرل آف پولس ایس کے سنگھل نے صوبے کے پولس افسران کو قتل کے واقعات میں شامل ملزمین کو گرفتار کرنے کا ’نیا ٹاسک‘ سونپا ہے۔ سنگھل نے سبھی ضلع کے پولس سپرنٹنڈنٹس کو خصوصی مہم چلا کر قتل سمیت سنگین جرائم کے ملزمین کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ہے۔

پولس ڈی جی پی سنگھل نے پولس ہیڈکوارٹر سطح پر نوگچھیا، بگہا پولس ضلع سمیت 40 اضلاع میں قتل، لوٹ، ڈکیتی، عصمت دری سمیت کئی مجرمانہ واردات کا جائزہ لیا اور اس کے بعد قتل کے تمام زیر التوا معاملوں میں گرفتاری یقینی بنانے کا حکم سبھی ضلع پولس کو دیا گیا ہے۔


بہار پولس ہیڈکوارٹر ذرائع کا کہنا ہے کہ جنوری کے بعد ضلعوں میں جرائم کے واقعات کا جائزہ لیا جائے گا، جس میں ملزمین کی گرفتاری کو بھی دیکھا جائے گا۔ ڈی جی پی نے ملزمین کی گرفتاری کو ترجیحی بنیاد پر یقینی بنانے کے لیے کہا ہے۔ اس معاملے میں کارروائی پر ہیڈکوارٹر سطح سے نظر رکھی جائے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔