ویشالی میں کانگریس لیڈر کا گولی مار کر قتل، پولیس کی گاڑی پر مشتعل لوگوں کا حملہ

کانگریس رہنما اپنے گھر سے پیدل جم جا رہے تھے، تبھی فلم روڈ پر واقع نیشنل سنیما ہال کے قریب موٹر سائیکل سوار دو مجرموں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ گولی لگنے سے راکیش شدید طور پر زخمی ہو گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حاجی پور: بہار کے ویشالی ضلع میں شہر تھانہ علاقہ کے نیشنل سنیما ہال کے قریب مجرموں نے سنیچر کی صبح کانگریس کے ایک لیڈر کوگولی مار کر قتل کر دیا۔ سب ڈویژن پولیس آفیسر راگھو دیال نے یہاں بتایا کہ یوتھ کانگریس کے سابق سیکرٹری جنرل راکیش کمار یادو (40) اسی تھانہ علاقے میں مینا پور میں واقع اپنے گھر سے پیدل جم جا رہے تھے، تبھی فلم روڈ پر واقع نیشنل سنیما ہال کے قریب موٹر سائیکل سوار دو مجرموں نے ان پر فائرنگ شروع کر دی۔ گولی لگنے سے راکیش شدید طور پر زخمی ہو گئے۔

راگھو دیال نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے راکیش کمار یادو کو فوری طور پر صدر اسپتال میں داخل کرایا، جہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ کانگریس لیڈر کو تین گولياں لگی ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صدر اسپتال پہنچے مشتعل حامیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی ہے۔ اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرکے پولیس معاملے کی چھان بین میں مصروف ہے۔


سب ڈویژن پولیس آفیسر نے بتایا کہ قتل کی وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل سکا ہے۔ اگرچہ ان کا قتل سیاسی وجوہات سے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے گولیوں کے تین خول برآمد کیے ہیں۔ پولیس آس پاس کی دکانوں کے سی سی ٹی وی فوٹیج کھنگال رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ راکیش کمار یادو کے قتل سے مشتعل حامیوں نے لاش کے ساتھ پولیس سپرنٹنڈنٹ جے ریڈی کی رہائش گاہ کو گھیر لیا۔ ریڈی جب باہر آئے تو حامیوں نے انہیں واپس جانے پر مجبور کردیا۔ اتنا ہی نہیں پولیس سپرنٹنڈنٹ کی رہائش گاہ پر پتھراؤ بھی کیا گیا ہے۔ وہاں کھڑی گاڑیوں کو نقصان پہنچا گیا ہے۔


واضح رہے کہ راکیش کمار یادو کانگریس کی مقامی سیاست میں کافی سرگرم تھے۔ اس سال اختتام پذیر ہوئے لوک سبھا انتخابات میں انہوں نے پارٹی کے لئے جی توڑ محنت کی تھی۔ وہ مهاگٹھبدھن کے رہنماؤں کے بھی عزیز تھے اور اگلے سال ہونے والے بہار اسمبلی انتخابات میں وہ حاجی پور سیٹ سے ٹکٹ کے دعویدار بھی مانے جا رہے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔