بہار: پٹنہ میں ’راون دَہن‘ سے دور رہے بی جے پی لیڈران، تنہا پڑ گئے سی ایم نتیش

راجدھانی پٹنہ کے راون دَہن پروگرام کے دعوت نامہ پر بی جے پی کے سینئر لیڈر اور نائب وزیر اعلیٰ سشیل مودی کا بھی نام تھا، لیکن وہ پروگرام میں نظر نہیں آئے۔ بلکہ بی جے پی کا کوئی لیڈر شریک نہیں ہوا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

8 ستمبر کو ملک کے ساتھ ساتھ بہار کی راجدھانی پٹنہ میں بھی برائی پر اچھائی کی فتح والے تہوار وجے دشمی کی دھوم تھی۔ لیکن اس تہوار کے لیے تاریخی گاندھی میدان میں جو پروگرام طے تھا، اس میں ریاست کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بالکل تنہا نظر آئے۔ دراصل راون دَہن کے دوران ان کی اتحادی پارٹی بی جے پی کا کوئی بھی لیڈر موجود نہیں تھا۔ یہاں تک کہ بی جے پی میں ان کے سب سے قریبی مانے جانے والے اور ریاست کے نائب وزیر اعلیٰ سشیل کمار مودی بھی پروگرام میں نہیں آئے۔ ایک طرح سے بی جے پی لیڈروں نے اس پروگرام سے پوری طرح کنارہ ہی کر لیا۔


ہر سال کی طرح اس بار بھی وجے دشمی کے موقع پر منگل کو پٹنہ کے گاندھی میدان میں وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی موجودگی میں 75 فٹ لمبے راون کو نذرِ آتش کرنے کا پروگرام رکھا گیا تھا۔ طے وقت پر وزیر اعلیٰ نتیش کمار پروگرام میں ضرور پہنچے اور راون دَہن بھی رسم کے مطابق اختتام کو پہنچا، لیکن پوری تقریب میں نتیش کمار تنہا نظر آئے۔ دعوت کے باوجود بی جے پی کا کوئی بھی لیڈر اس پروگرام میں نہیں پہنچا۔ حالانکہ پروگرام کے دوران بی جے پی کا کوئی لیڈر تو موجود نہیں تھا، لیکن کانگریس کے ریاستی صدر مدن موہن جھا سمیت کئی بڑے لیڈر ضرور پروگرام میں موجود رہے۔

حالانکہ بتایا جا رہا ہے کہ پروگرام کے دعوت نامہ پر بہار کے نائب وزیر اعلیٰ اور نتیش کمار کے بے حد قریبی سشیل مودی کا بھی نام تھا، لیکن وہ پروگرام میں نہیں آئے۔ سشیل مودی کے علاوہ بھی نتیش حکومت میں شامل بی جے پی کا کوئی لیڈر اس تقریب میں نہیں پہنچا۔ چونکہ گاندھی میدان میں یہ پروگرام ہر سال منعقد ہوتا ہے اور ہر بار بی جے پی لیڈروں کی شرکت بھی ہوتی ہے، اس لیے 8 ستمبر کی تقریب سے ان کی دوری کئی طرح کے سوال کھڑے کر رہی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 09 Oct 2019, 12:56 PM