بہار: سمستی پور ریل تھانے سے شراب برآمد، تھانہ صدر سمیت چھ پولیس اہلکار معطل

چھاپے میں کثیر مقدار میں انگریزی شراب کے ساتھ سپاہی جتندر کمار سنگھ کو گرفتار کیا گیا اور سمستی پور ریل تھانہ صدر نند کشور سنگھ سمیت 6 ریل پولیس اہلکاروں کو فوری اثر سے معطل کر دیا گیا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

سمستی پور: بہار میں سمستی پور ریلوے اسٹیشن واقع ریل تھانہ بلڈنگ میں ریل پولیس سپرنٹنڈنٹ کے ذریعہ تشکیل خصوصی ٹیم نے چھاپے ماری کر کے کثیر مقدار میں انگریزی شراب کے ساتھ سپاہی جتندر کمار سنگھ کو گرفتار کرلیا اور معاملے میں سمستی پور ریل تھانہ صدر نند کشور سنگھ سمیت چھ ریل پولیس اہلکاروں کو فوری اثر سے معطل کر دیا ہے ۔

ریل ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ نوین کمار مشرا نے آج یہاں بتایاکہ خفیہ اطلاع کی بنیاد پر ریل ڈپٹی پولیس سپرنٹنڈنٹ ، مظفر پور اتنو دتا کی قیادت میں تشکیل خصوصی ٹیم نے کل دیر رات سمستی پور ریل تھانہ بلڈنگ میں چھاپے ماری کی ۔ اس دوران وہاں سے ایک کمرے میں تین بوری میں رکھے ٹیٹرا پیک کے 180 ملی لیٹر کے 295 انگریزی شراب کی بوتلیں اور 750 ملی لیٹر کے دو بیئر کی بوتلیں برآمد کی گئیں۔

ساتھ ہی غیر قانونی شراب کے ساتھ ریل تھانے میں بحال سپاہی جتندر کمار سنگھ کو بھی گرفتار کیا گیا ۔

ادھر ریل پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کمار سنگھ نے شراب برآمدگی کے معاملے میں سمستی پور ریل تھانہ صدر نند کشور سنگھ ، معاون سب انسپکٹر باگیشوری تیواری ، سپاہی رنجیت کمار سنگھ ، منا کمار رام ، رنجیت کمار اور ہوم گورڈ جوان ویکاس کمار رانا کو فوری اثر سے معطل کر دیا گیا ہے ۔ ملزم سپاہی کے خلاف سمستی پور ریل تھانہ میں کیس نمبر ۔ 189/21 ، دفعہ۔30A بہار امتنا ع منشیات ایکٹ کے تحت درج کر کے جیل بھیج دیا گیاہے ۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔