بہار: مظفرپور میں الیکشن ڈیوٹی سے لوٹے وقت حادثہ، بس پلٹنے سے 12 سیکورٹی اہلکار زخمی

حادثہ اس وقت پیش آیا جب سمستی پور لوک سبھا حلقہ میں انتخابی ڈیوٹی مکمل کرنے کے بعد مظفر پور واپس لوٹ رہے بہار پولیس کے 50 سیکورٹی اہلکاروں کی بس سجاولپور علاقے میں بے قابو ہو کر پلٹ گئی

سڑک حادثہ / یو این آئی
سڑک حادثہ / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار کے مظفر پور ضلع کے سجاولپور علاقے میں بدھ کی شام دیر گئے ایک بس الٹنے سے خواتین پولیس اہلکاروں سمیت 12 سیکورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔ پولیس نے یہ اطلاع دی۔ سکرا پولیس اسٹیشن کے انچارج راجو کمار پال نے جمعرات کو نامہ نگاروں کو بتایا، ’’تمام زخمیوں کو مظفر پور کے شری کرشنا میڈیکل کالج اور اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔‘‘

انہوں نے بتایا کہ یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سمستی پور لوک سبھا حلقہ میں انتخابی ڈیوٹی مکمل کر کے مظفر پور واپس لوٹ رہے بہار پولیس کے 50 سیکورٹی اہلکاروں کی بس بدھ کی شام دیر گئے سجاولپور کے علاقے میں ڈرائیور کے گاڑی پر سے کنٹرول کھونے کی وجہ سے الٹ گئی۔ واقعے کے بعد بس ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر فرار ہو گیا۔ اسٹیشن انچارج نے بتایا کہ اس معاملے میں کارروائی کی جا رہی ہے۔ مظفر پور ضلع کے سکرا تھانہ علاقے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں اس طرح کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔


بہار میں انتخابی ڈیوٹی پر مامور آسام پولیس کے 30 سے ​​زیادہ اہلکار بدھ کے روز اس وقت زخمی ہو گئے تھے جب ان کی بس سکرا تھانے کے علاقے میں ایک ٹرک سے ٹکرا گئی تھی۔ سمستی پور ضلع میں پیر کو ووٹنگ کے دوران آسام پولیس کے 36 اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ اس کے بعد وہ سارن جا رہے تھے جہاں اگلے ہفتے ووٹنگ ہونے والی ہے۔ اس حادثہ میں ٹرک ڈرائیور بھی شدید زخمی ہوا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔