بہار: بھاگلپور میں زوردار دھماکہ میں دو منزلہ مکان زمیندوز، 11 افراد جان بحق، متعدد زخمی

بہار کے بھاگلپور ضلع کے تاتارپور تھانہ علاقہ میں دیر رات گئے ایک مکان میں زوردار دھماکہ ہوا۔ اس حادثہ میں 11 افراد کی موت اور 10 کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بھاگلپور: بہار کے بھاگلپور ضلع کے تاتارپور تھانہ علاقہ میں دیر رات گئے ایک مکان میں زوردار دھماکہ ہوا۔ اس حادثہ میں 11 افراد کی موت اور 10 کے زخمی ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔ دھماکہ اتنا زبردست تھا کہ اس کی زد میں آنے والے کئی مکان کو نقصان پہنچا۔

پولیس کے ایک افسر نے بتایا کہ کاجولی کچ کے ایک گھر میں جمعرات کی شب تقریاً 11.45 دھماکہ ہوا، جس سے پورا علاقہ دہل گیا۔ دھماکہ کے سبب دو منزلہ مکان بھربھرا کر گر گیا اور ارد گرد واقع کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ڈی آئی جی) سجیت کمار، ضلع مجسٹریٹ سبرت کمار سین، سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) بابو رام موقع پر پہنچ گئے اور راحت اور بچاؤ کا کام شروع کر دیا گیا۔ رات کے وقت ہونے والے اس ٖحادثہ میں 5 افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی تھی۔ جبکہ جمعہ کے روز ہسپتال میں دوران علاج مزید 6 افراد کی موت ہو گئی۔ اس حادثہ میں 10 افراد زخمی بھی بتائے جاتے ہیں۔


دھماکہ میں جان گنوانے والوں میں گنیش منڈل عرف گنیش سنگھ (60) اور نندنی (30) کی شناخت کی گئی ہے۔ ڈی آئی جی سجیت کمار نے آئی اے این ایس کو بتایا کہ زخمیوں اور ہلاک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔ جمعہ کی صبح ملبے سے تین لاشیں نکالی گئیں ہیں اور ملبے تلے مزید افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ایف ایس ایل کی ٹیم بھی مصروف ہے تاکہ دھماکہ خیز مواد کی نوعیت کا پتہ چل سکے۔ تمام زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیج دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی کے مطابق پولیس قریبی علاقوں میں تلاشی لے رہی ہے۔ پولیس کا ماننا ہے کہ یہاں غیر قانونی طور پر پٹاخے بنانے کا کام کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے پورے معاملے کی گہرائی سے تفتیش شروع کر دی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔