نتیش کے بہار میں ظلم کی انتہا، ڈائن بتا کر کاٹ دی 70 سالہ دلت خاتون کی زبان

بہار کے روہتاس ضلع کے تلوتھو تھانہ کے انچارج نے کہا کہ راج کلی دیوی پر ریڈیا گاؤں میں حملہ کیا گیا اور ان کی زبان کاٹ دی، وہ شدید طور پر زخمی ہوئی ہیں۔

تصویر بشکریہ سٹی پوسٹ لائیو
تصویر بشکریہ سٹی پوسٹ لائیو
user

قومی آوازبیورو

بہار میں ’سوشاسن بابو‘ یعنی نتیش کمار کے راج میں خواتین پر ظلم و ستم جاری ہیں۔ تازہ معاملہ روہتاس ضلع سے سامنے آیا ہے۔ یہاں ایک 70 سالہ بزرگ دلت خاتون کو ڈائن بتاکر اس کی زبان کاٹ دی گئی ہے۔ پولس نے یہ اطلاع پیر کے روز دی۔ تلوتھو پولس تھانلہ کے انچارج نے کہا کہ راج کلی دیوی پر ریڈیا گاؤں میں حملہ کیا گیا اور ان کی زبان کاٹ دی، وہ شدید طور پر زخمی ہوئی ہیں۔

زخمی دلت خاتون کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے اور اس کی پوتی کی شکایت پر اتوار کے روز ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ راج کلی دیوی کی پوتی حملہ کے وقت ان کے برابر میں سوئی ہوئی تھی۔ پوتی نے بتایا کہ ہفتہ کے روز گاؤں کے تین لوگ ان کے گھر میں زبردستی گھس آئے اور اس کی دادی کی زبان کاٹ دی۔ ملزمان نے متاثرہ پر کال جادو کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

واردات کو انجام دینے کے بعد سے ملزمان فرار ہیں جبکہ پولس مقدمہ درج کر کے ان کی تلاش کر رہی ہے۔

متاثرہ بزرگ خاتون کی بہو نے بتایا کہ پہلے بھی ڈائن کا الزام لگا کر ان کے ساتھ جھگڑا کیا گیا تھا، فی الحال واقعہ کو کس نے انجام دیا ہے تاحال معلوم نہیں چل سکا ہے۔ گاؤں کے ایک فرد شیو کمار نے کہا کہ خاتون کافی غریب ہے اور گھر میں ناتی، پوتوں کے ساتھ اکثر اکیلی رہتی ہے جبکہ اس کا بیٹا اور بہو باہر مزدوری کرتے ہیں۔

اس سے پہلے 7 اکتوبرکو سپول ضلع کے تروینی گجن میں کستوربا گرلز ہاسٹل میں گھس کر 35 سے بھی زیادہ طالبات کو زدو کوب کیا گیا تھا۔ جس کے بعد زخمی طالبات کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ طالبات کا قصور محض اتنا تھا کہ انہوں نے کچھ منچلے نوجوانوں کی چھیڑخانی سے پریشان ہو کر مزاحمت کی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 22 Oct 2018, 3:08 PM