بہار میں زہریلی شراب پینے سے پھر ہوئی 3 لوگوں کی موت، 6 بیمار

بہار کے گوپال گنج میں ہفتہ کی صبح مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے تین لوگوں کی موت ہو گئی جب کہ چھ دیگر سنگین طور پر بیمار ہو گئے۔

شراب، تصویر آئی اے این ایس
شراب، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

بہار کے گوپال گنج ضلع میں ہفتہ کی صبح مبینہ طور پر زہریلی شراب پینے سے تین لوگوں کی موت کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق زہریلی شراب کی وہج سے چھ دیگر افراد سنگین طور پر بیمار بھی ہو گئے ہیں جن کا علاج اسپتال میں جاری ہے۔ واقعہ بینکٹھ پور تھانہ حلقہ کے بسہا اور سونوالیہ گاؤں کا ہے۔

بیکنٹھ پور تھانے کے ایس ایچ او دھننجے کمار نے بتایا کہ ان دونوں گاؤں میں مشتبہ طریقے سے اموات ہوئی ہیں۔ موت کی حقیقی وجہ کا ابھی پتہ نہیں چل پایا ہے۔ مہلوکین کی شناخت بسہا گاؤں کے دیویندر یادو اور رمیش مہتو کی شکل میں ہویئ ہے جب کہ جے کے یادو سونوالیہ گاؤں کے رہنے والے تھے۔


ذرائع کے مطابق ان سبھی نے ایک ہی جگہ سے شراب خریدی تھی اور جمعہ کی شام شراب نوشی کی تھی۔ رات میں ان کی طبیعت بگڑ گئی اور اہل خانہ انھیں گوپال گنج کے نزدیکی پرائیویٹ اسپتال لے گئے جہاں علاج کے دوران صبح تین لوگوں کی موت ہو گئی۔ رنکو یادو اور پانچ دیگر کا اب بھی اسپتال میں علاج چل رہا ہے جہاں ان کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے۔ دھننجے کمار نے کہا کہ ’’ہم نے موت کے حقیقی اسباب کا پتہ لگانے کے لیے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔‘‘

گوپال گنج کے ضلع مجسٹریٹ نے معاملے کی جانچ افسران کو کرنے کی ہدایت دی ہے۔ 9 مارچ کو سیوان میں تین اور مغربی چمپارن ضلع میں دو دیگر لوگوں کی بدھ کو زہریلی شراب پینے سے موت ہو گئی۔ مغربی چمپارن میں ضلع کے نوتن تھانہ کے تحت نوتن ٹولہ گاؤں میں دو اشخاص کی عجیب و غریب حالات میں موت ہو گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔