سونا-چاندی خریدنے والوں کے لیے بڑا موقع؟ قیمتوں میں گراوٹ کا سلسلہ جاری
جون میں چاندی کی قیمتیں اور بھی کمزور رہیں۔ مئی کے آخری تجارتی دن 2,66,998 روپئے فی کلو پر بند ہوئی چاندی موجودہ سطح تک آتے آتے محض 10 کاروباری دنوں میں 20,394 روپئے فی کلو گرام ٹوٹ چکی ہے۔

سونا اور چاندی کی قیمتوں میں گزشتہ ہفتے نمایاں اتار چڑھاؤ دیکھنے کو ملا لیکن ہفتے کے آخر تک دونوں قیمتی دھاتیں گراوٹ کے ساتھ بند ہوئیں۔ ملٹی کموڈٹی ایکسچینج (ایم سی ایکس) پر جہاں سونا 10 گرام پر تقریباً 5,000 روپئے سستا ہوا، وہیں چاندی کی قیمت میں بھی گراوٹ درج کی گئی۔ اہم بات یہ ہے کہ چاندی کی قیمت اب تک کی بلند ترین سطح سے 2.10 لاکھ روپئے فی کلو گرام سے زیادہ نیچے آچکی ہے۔
ایم سی ایکس پر 3 جولائی ایکسپائری والی چاندی کی فیوچر گزشتہ ہفتے کے آخری 2 کاروباری دنوں میں تیزی کے باوجود مجموعی طور پر گراوٹ کا شکار رہی۔ چاندی 5 جون کو 2,48,537 روپے فی کلوگرام پر بند ہوئی تھی، جب کہ جمعہ کو اس کی قیمت 2,46,604 روپے فی کلوگرام پر آگئی۔ اس طرح ہفتے کے دوران چاندی کی قیمت 1933 روپے فی کلو سستی ہو گئی۔
جون میں چاندی کی قیمتیں اور بھی کمزور رہی ہیں۔ مئی کے آخری تجارتی دن 2,66,998 روپئے فی کلوگرام پر بند ہوئی چاندی موجودہ سطح تک آتے آتے محض 10 کاروباری دنوں میں 20,394 روپئے فی کلو گرام ٹوٹ چکی ہے۔ چاندی کی قیمت میں آئی گراوٹ کا اندازہ اسی بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جنوری میں اس ایکسپائری والے کانٹریکٹ نے پہلی بار 4 لاکھ روپئے کی سطح پار کی تھی اور 4,57,328 روپئے فی کلو گرام کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔ حالانکہ اس کے بعد مسلسل گراوٹ کا دور شروع ہوا اور اب چاندی اس سطح سے2,10,724 روپئے فی کلو نیچے کاروبار کر رہی ہے۔
سونے کی بات کریں تو اس میں اور بھی زیادہ گراوٹ دیکھنے کو ملی۔ ایم سی ایک پر5 اگست ایکسپائری والے 24 قیراط سونے کی فیوچر قیمت 5 جون کو 1,55,594 روپئے فی 10 گرام تھی جو جمعہ کو کم ہو کر 1,50,675 روپئے فی 10 گرام پر بند ہوا۔ اس کا مطلب ہے کہ ایک ہفتے میں سونا 4,919 روپئے فی 10 گرام سستا ہوگیا۔
جون کے پورے مہینے میں سونے کی قیمتیں مسلسل دباؤ میں رہی ہیں۔ 29 مئی کوایم سی ایکس پر سونا 1,60,911 روپئے فی 10 گرام پر بند ہوا تھا جب کہ 12 جون تک اس کی قیمت کم ہو کر 1,50,675 رہ گئی۔ اس طرح صرف 10 کاروباری دنوں میں سونا 10،236 روپے فی 10 گرام گر گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی جنوری میں سونے کی قیمت 2,04,375 روپے فی 10 گرام کی اب تک کی بلند ترین سطح سے 53,700 روپے تک گر گئی ہے۔
انڈین بلین جیولرس ایسوسی ایشن (آئی بی جے اے) کے اعداد و شمار کے مطابق مقامی بازار میں بھی سونا اور چاندی دونوں سستے ہو گئے ہیں۔ 5 جون کو 24 قیراط سونے کی قیمت 1,54,238 روپے فی 10 گرام تھی، جو جمعہ کو 1,47,800 روپے تک گر گئی۔ یعنی ایک ہفتے میں سونا 6,438 روپے فی 10 گرام سستا ہوا ہے۔ دوسری طرف چاندی کی قیمت 5 جون کو 2,56,908 روپے فی کلو گرام تھی، جو 14,513 روپے کی گراوٹ ے ساتھ 2,42,295 روپے فی کلو پر آ گئی۔ اس طرح مقامی مارکیٹ میں دونوں قیمتی دھاتوں کی قیمتوں میں بھی نمایاں کمی ہوئی ہے۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
