یکم اپریل سے بڑی تبدیلی: گیس، ٹیکس، بینکنگ اور ریلوے کے بدلیں گے اصول، جانیں کیا ہوگا اثر
ہر ماہ کی طرح اس بار بھی نئی تبدیلیوں کا براہ راست اثر عام لوگوں کی جیب پر پڑے گا۔ ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں سے لے کر انکم ٹیکس، بینکنگ اور ریلوے قوانین تک کئی اہم تبدیلیاں نافذ ہونے والی ہیں۔

مارچ کا ماہ ختم ہونے کے ساتھ ہی یکم اپریل 2026 سے ملک بھر میں کئی بڑے مالیاتی اور روزمرہ سے وابستہ قوانین بدلنے جا رہے ہیں۔ ہر ماہ کی طرح اس بار بھی نئی تبدیلیوں کا براہ راست اثر عام لوگوں کی جیب پر پڑے گا۔ ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں سے لے کر انکم ٹیکس، بینکنگ اور ریلوے قوانین تک کئی اہم تبدیلیاں نافذ ہونے والی ہیں۔
ہر ماہ کی پہلی تاریخ کی طرح یکم اپریل کو بھی ایل پی جی سلنڈر کی قیمتوں میں تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔ مغرب وسطیٰ میں جاری جنگ اور ایل پی جی کی قلت کے درمیان پہلے ہی قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہے اور اب نئے ریٹ جاری کیے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ تیل کے بحران کے باعث ایئر ٹربائن فیول (اے ٹی ایف) اور سی این جی-پی این جی کی قیمتوں میں بھی تبدیلی ممکن ہے، جس کی وجہ سے عام لوگوں اور ٹرانسپورٹ سیکٹر دونوں پر اثر پڑ سکتا ہے۔
یکم اپریل سے ملک میں انکم ٹیکس ایکٹ 2025 نافذ ہوگا، جو 1961 سے نافذ پرانے قانون کی جگہ لے گا۔ حکومت کے مطابق نئے قوانین کا مقصد ٹیکس سسٹم کو آسان اور جدید بنانا ہے۔ اس کے تحت آئی ٹی آر بھرنے کے لیے اب فارم 16 کی جگہ نیا فارم دیا جائے گا۔ جبکہ فارم 16اے جو غیر تنخواہ والی آمدنی کے لیے ٹی ڈی ایس سرٹیفکیٹ ہوتا ہے، اس کا نام بدل کر فارم 131 کر دیا جائے گا اور اسے سہ ماہی ٹی ڈی ایس تفصیلات جاری ہونے کے 15 دن کے اندر جاری کرنا ہوگا۔
یکم اپریل سے ایچ ڈی ایف سی بینک، پی این بی اور بندھن بینک کے صارفین کے لیے اے ٹی ایم قوانین تبدیل ہو جائیں گے۔ ایچ ڈی ایف سی بینک اب اے ٹی ایم پر یو پی آئی کے ذریعے رقم نکالنے کو بھی ’فری ٹرانزیکشن لمٹ‘ میں شامل کرے گا، جس سے مفت لین دین کی حد جلد ختم ہو سکتی ہے اور اس کے بعد فی ٹرانزیکشن پر 23 روپے کی فیس ادا کرنی پڑ سکتی ہے۔ پی این بی نے اپنے کئی ڈیبٹ کارڈس کے لیے روزانہ کیش نکالنے کی حد کم کر دی ہے۔ کچھ کارڈس پر لمٹ ایک لاکھ روپے سے گھٹا کر 50000 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ پریمیم کارڈس پر لمٹ 1.5 لاکھ روپے سے کم کر کے 75000 روپے کر دی گئی ہے۔ بندھن بینک بڑے شہروں میں 3 اور دیگر علاقوں میں 5 مفت ٹرانزیکشن دے گا، جس کے بعد ہر ٹرانزیکشن پر 23 روپے چارج اور ٹرانزیکشن فیل ہونے پر 25 روپے جرمانہ عائد ہو گا۔
یکم اپریل سے پین کارڈ سے جڑے قوانین بھی سخت ہو سکتے ہیں۔ اب پین کارڈ کی درخواست دینے یا اسے اپ ڈیٹ کرتے وقت صرف آدھار کارڈ کافی نہیں ہوگا، بلکہ دیگر دستاویزات بھی فراہم کرنے ہوں گے۔ اس کے علاوہ ریلوے ٹکٹ کی منسوخی کے قوانین بھی تبدیل ہونے جا رہے ہیں۔ نئے ضوابط کے تحت کنفرم ٹکٹ منسوخ کرنے پر زیادہ چارج ادا کرنے ہوں گے۔ ٹرین چھوٹنے سے 8 گھنٹے قبل کوئی ریفنڈ نہیں ملے گا، جبکہ 8 سے 24 گھنٹے پہلے 50 فیصد، 24 سے 72 گھنٹے پہلے 25 فیصد کٹوتی کے بعد ریفنڈ ملے گا اور 72 گھنٹے پہلے منسوخ کرنے پر سب سے زیادہ ریفنڈ دیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔