بی جے پی کو بڑا جھٹکا، بی ایم سی انتخابات کی مہم کے لیے تیار ’گانے‘ کو الیکشن کمیشن نے نہیں دی اجازت
الیکشن کمیشن کے مطابق بی جے پی کے انتخابی مہم گانے میں ’ بھگوا‘ لفظ استعمال کیا گیا ہے، جسے انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت قابل اعتراض مانا گیا ہے۔ اس لیے اسے عوامی مہم کے لیے منظوری نہیں دی جاسکتی ہے۔

ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی) انتخابات سے قبل بھارتیہ جنتا پارٹی (بی ایم سی) کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ الیکشن کمیشن نے پارٹی کی جانب سے انتخابی مہم کے لیے تیار کیا گیا خصوصی گانا نامنظور کردیا ہے۔ انتخابی تیاریوں کے درمیان آنے والا یہ فیصلہ بی جے پی کی حکمت عملی کو بڑی حد تک متاثر کر سکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق بی جے پی نے بی ایم سی انتخابات کے لیے ایک خصوصی گانا تیار کرایا تھا تاکہ نوجوانوں اورعام ووٹروں تک پارٹی کا پیغام آسانی سے پہنچایا جا سکے۔ اس گانے کے ذریعے پارٹی ممبئی میں اپنی کارکردگی اور مستقبل کے منصوبوں کو پُرکشش انداز میں پیش کرنا چاہتی تھی مگر اس کی امیدوں پر الیکشن کمیشن نے پانی پھیر دیا۔
الیکشن کمیشن آف انڈیا نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا حوالہ دیتے ہوئے اس گانے کو انتخابی مہم میں استعمال کرنے کی اجازت دینے سے انکار کردیا۔ الیکشن کمیشن نے کہا کہ گانے میں ’بھگوا‘ لفظ استعمال کیا گیا ہے، جسے انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت قابل اعتراض مانا گیا ہے۔ اس لیے اسے عوامی مہم کے لیے منظوری نہیں دی گئی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی مہم کے دوران کسی مخصوص مذہب، رنگ یا جذباتی اپیل سے جڑے الفاظ یا علامتات کا استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ کمیشن نے واضح کیا کہ منصفانہ اورغیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لیے ان قوانین کی سختی سے پابندی ضروری ہے۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے سے فی الحال بی جے پی کی حکمت عملی بری طرح متاثر ہوئی ہے اور مہم کے لیے وقت کم ہونے کی وجہ سے پارٹی میں کھلبلی مچنا قدرتی ہے۔
انتخابی مہم سے متعلق اس گانے کو معروف مراٹھی گلوکار اودھوت گپتے اور ویشالی سامنت نے اپنی آواز دی تھی۔ دونوں فنکاروں کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے پارٹی کو امید تھی کہ یہ گانا لوگوں میں تیزی سے مقبول ہوگا۔ مگر الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پارٹی کو بڑی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔