بھوپیش بگھیل نے مودی کو لکھا خط ’مرکز کے اعلانات قابل ستائش، مگر سب کو ملے فائدہ‘

وزیراعلی نے خط میں کہا ہے کہ چھتیس گڑھ میں 21 مارچ سے کورونا وائرس کے پھیلنے کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، جس سے ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد محدود رکھنے میں مدد ملی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: چھتیس گڑھ کے وزیراعلی بھوپیش بگھیل نے کہا ہے کہ ملک میں لاک ڈاؤن کے دوران عام لوگوں کو مدد پہنچانے کےلئے مرکزی وزیر خزانہ کی جانب سے کیے گئے اعلانات قابل ستائش ہیں اور سماج کے ایک بڑے طبقے کو راحت بھی ملی ہے لیکن ابھی بھی ایک بڑا طبقہ ان اعلانات کا فائدہ پانے سے محروم ہے۔

بگھیل نے وزیراعظم نریندرمودی کو لکھے ایک خط میں کہا ہے کہ لاک ڈاؤن کے منفی حالات میں عام لوگوں کو راحت پہنچانے کےلئے مرکز نے جو اعلانات کیے ہیں، اس کا فائدہ متعدد لوگوں کو ہوا ہے۔حالانکہ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابھی بھی بہت سے لوگ ایسے ہیں جو اس فائدے سے محروم ہیں، جس کی وجہ سے خصوصی طور پر ’منریگا‘ منصوبے کے تحت آنے والے وہ مزدور جن کے پاس زمین نہیں ہے اور غیر منظم شعبہ کے کام گاروں کے معمولات زندگی پریشان حال ہیں۔


وزیراعلی نے خط میں تجویز پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’منریگا ‘ اور غیر منظم شعبہ کے کام گاروں کو آئندہ تین ماہ تک فی ماہ ایک ہزار روپے اور سبھی عام اکاؤنٹ ہولڈرز کو 750روپے ان کے کھاتوں میں دیئےجانے چاہیے۔

انہوں نے منظم شعبہ کے سبھی کام گاروں جنہیں 15 ہزار فی ماہ سے کم تنخواہ ملتی ہو، ان کے پروویڈنٹ فنڈ کی مکمل رقم آئندہ تین ماہ تک مرکزی حکومت کے ذریعہ برداشت کرنے اور اس میں کسی بھی طرح کی پہلے سے موجود شرط نہ رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ اگر ان مشوروں کے مطابق منظوری دی جاتی ہے تبھی ہم کورونا وائرس کے خلاف چھیڑی گئی جنگ جیتنے میں کامیاب ہوسکتے ہیں، ورنہ لاکھوں لوگوں کے لئے زندگی جینے کا بحران پیدا ہونا یقینی ہے۔


وزیراعلی نے خط میں کہا ہے کہ چھتیس گڑھ میں 21 مارچ سے کورونا وائرس کے پھیلنے کو روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کیا گیا ہے، جس سے ریاست میں کورونا متاثرین کی تعداد محدود رکھنے میں مدد ملی ہے۔ ایمس رائے پور کا عملہ اور سبھی آئی اے ایس افسر آفت کی اس گھڑی میں عام لوگوں کو سبھی ضروری اشیا کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے پوری مستعدی کے ساتھ محاذ سنبھالے ہوئے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔