بھگونت مان ہوں گے پنجاب میں عام آدمی پارٹی کے وزیر اعلی کا چہرہ

عام آدمی پارٹی (عآپ) دو بار کے سنگرور سے اپنے رکن پارلیمنٹ بھگونت مان کو وزیراعلی کا چہرہ بناتے ہوئے پنجاب اسمبلی انتخابات میں اترے گی

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

یو این آئی

چنڈی گڑھ: عام آدمی پارٹی (عآپ) دو بار کے سنگرور سے اپنے رکن پارلیمنٹ بھگونت مان کو وزیراعلی کا چہرہ بناتے ہوئے پنجاب اسمبلی انتخابات میں اترے گی۔ اس کا اعلان پارٹی کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے آج یہاں کیا۔ اس طرح عآپ ریاست کی پہلی پارٹی بن گئی ہے جس نے اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے وزیر اعلیٰ کے چہرے کا اعلان کیا ہے۔

کیجریوال نے کہا کہ گزشتہ ہفتے پارٹی نے ایک فون نمبر جاری کیا تھا جس پر لوگوں سے رائے مانگی گئی تھی کہ ریاست کا وزیر اعلیٰ کون ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے میں زیادہ سے زیادہ لوگوں نے بھگونت مان کے حق میں اپنی رائے ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ اس پول میں پیر کی شام تک 21.59 لاکھ سے زیادہ پیغامات اور فون کال موصول ہوئے اور 93.7 فیصد لوگوں نے بھگونت مان کا نام دیا۔ یعنی بھگونت مان عآپ کے وزیر اعلیٰ کا چہرہ بنیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اے اے پی ریاست میں حکومت بنائے گی اور بھگونت مان ریاست کے اگلے وزیر اعلیٰ ہوں گے۔


کیجریوال نے کہا کہ اگر وہ خود مان کے نام کا اعلان کرتے تو ان پر وزیراعلی کے طور پر لوگوں پر زبردستی کسی کو مسلط کرنے کا الزام لگ جاتا۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے میں کچھ لوگوں کی رائے تھی کہ انہیں یا کنور وجے پرتاپ سنگھ کو وزیر اعلیٰ کا چہرہ بنایا جائے۔

دوسری طرف، بھگونت مان جذباتی ہو گئے اور انہیں پارٹی کا وزیر اعلیٰ کا چہرہ قرار دیئے جانے پر ان کے آنسو نکل آئے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں پنجاب کے عوام اور پارٹی نے جو ذمہ داری سونپی ہے وہ اسے دوہرے جذبے سے نبھائیں گے۔ ان کا خواب پنجاب کی رونقیں واپس لانا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ بھگونت مان اس وقت سنگرور سے اے اے پی کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور اسی لوک سبھا حلقہ کے دھوری اسمبلی حلقہ سے اسمبلی الیکشن لڑنے جا رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔