بنگال میں تبادلوں پر تنازعہ: ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن کو لکھا خط، منمانی کا لگایا الزام
ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ فیصلہ منمانے طریقے سے لیا گیا اور اس میں ریاستی حکومت سے افسروں کا پینل بھی نہیں مانگا گیا جبکہ پہلے کمیشن اور ریاستی حکومت کے درمیان قائم روایات پرمل کیا جاتا رہا ہے۔
مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کو خط لکھ کر ریاست میں کئی آئی اے ایس اور آئی پی ایس افسران کے تبادلے پر تشویش کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے الزام لگایا کہ اسمبلی انتخابات کے اعلان کے فوراً بعد انتظامی افسران کے بڑے پیمانے پر تبادلے بغیر کسی ٹھوس وجہ اور بغیر کسی الزام کے کئے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خط میں لکھا کہ مغربی بنگال میں 2026 کے اسمبلی انتخابات کے اعلان کے چند گھنٹوں کے اندر انتظامی نظام کے اعلیٰ افسران کو ہٹانا انتہائی حیران کن اور تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ من مانے طریقے سے لیا گیا اور اس میں ریاستی حکومت سے افسروں کا پینل بھی نہیں مانگا گیا جبکہ پہلے انتخابات کے دوران الیکشن کمیشن اور ریاستی حکومت کے درمیان قائم روایات پر عمل کیا جاتا رہا ہے۔
یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب الیکشن کمیشن نے ریاستی انتظامیہ میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کیا۔ چیف سکریٹری نندنی چکرورتی اور ہوم سکریٹری جے پی مینا کا تبادلہ کردیا گیا۔ مزید برآں پولیس کے ڈائریکٹر جنرل اور کولکتہ پولیس کمشنر سمیت کئی سینئر پولیس اہلکاروں کو ان کے عہدوں سے ہٹا دیا گیا۔ یہ ردوبدل الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ ریاستی اسمبلی انتخابات کے لیے نوٹیفکیشن جاری کے جانے کے چند گھنٹے بعد ہوا ہے۔
وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے اس اقدام پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی کارروائی باہمی تعاون پر مبنی وفاقیت کی روح اور جمہوری حکمرانی کے اصولوں کو مجروح کرتی ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ الیکشن کمیشن جیسے آئینی ادارے سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ہندوستان کے وفاقی نظام کی بنیادی روح اور اقدار کو برقرار رکھے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن پر زور دیا کہ وہ مستقبل میں ایسے یکطرفہ فیصلے لینے سے گریز کرے اور کہا کہ اس سے الیکشن کمیشن کی شبیہ اور ادارے کی معتبریت پر اثر پڑسکتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔