اکھلیش سے پہلے محکمہ انکم ٹیکس کی ٹیم پہنچی قنوج! ایس پی کے ایم ایل سی کے ٹھکانوں پر چھاپہ ماری

اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل محکمہ انکم ٹیکس نے جمعہ کی صبح سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قانون ساز کونسل کے رکن (ایم ایل سی) پشپراج جین عرف 'پمپی' کے گھر پر چھاپہ مارا

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

قنوج: اتر پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل محکمہ انکم ٹیکس نے جمعہ کی صبح سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے قانون ساز کونسل کے رکن (ایم ایل سی) پشپراج جین عرف 'پمپی' کے گھر پر چھاپہ مارا۔ خیال رہے کہ اکھلیش یادو آج قنوج کا دورہ کرنے والے ہیں اور انہیں عطر کاروباری اور ایم ایل سی پشپراج عرم پمپی کے ساتھ پریس کانفرنس کرنی ہے۔

ذرائع کے مطابق قنوج میں پمپی کے گھر پر انکم ٹیکس محکمہ کی جانب سے صبح 7 بجے سے چھاپہ ماری شروع کی گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عطر کے کاروباری پمپی جین نے حال ہی میں 'سماج وادی عطر' لانچ کیا تھا۔

قبل ازیں، محکمہ انکم ٹیکس نے قنوج کے عطر کاروباری پیوش جین کے گھر پر گزشتہ چند دنوں سے جاری چھاپوں میں تقریباً 200 کروڑ روپے کی نقدی اور 75 کلو سونا اور چاندی برآمد کی تھی۔ محکمہ انکم ٹیکس کا دعویٰ ہے کہ کسی شخص کے گھر سے ملنے والی رقم کی یہ اب تک کی سب سے بڑی ریکوری تھی۔


قنوج اور کانپور میں پیوش جین کے ٹھکانوں پر چھاپوں کے دوران پمپی جین کا نام بھی سامنے آیا تھا۔ اس وقت ایس پی لیڈروں نے پیوش جین کو ایس پی پرفیوم بنانے کی خبروں کی تردید کی تھی۔ دریں اثنا، ایس پی صدر اکھلیش یادو نے قنوج میں پریس کانفرنس طلب کی تھی، جس کا مقصد یہ واضح کرنا ہے کہ عطر کاروباری پیوش جین سے ایس پی کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس سے پہلے بھی قنوج میں پمپی جین کے گھر پر انکم ٹیکس کے چھاپے شروع ہوئے تھے۔

فی الحال سنٹرل بورڈ آف ڈائریکٹ ٹیکس یا انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کی طرف سے چھاپوں کے بارے میں کوئی باضابطہ اطلاع نہیں دی گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔