بی سی سی آئی نے اسمرتی مندھانا کو آل فارمیٹ کپتان مقرر کیا، ہرمن پریت کور نے ایک روز قبل دیا تھا استعفیٰ

بائیں ہاتھ کی سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا 2013 سے قومی ٹیم کا حصہ رہی ہیں اور انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو 2024 اور 2026 میں ویمنز پریمیئر لیگ کا خطاب اپنی کپتانی میں جتوایا ہے۔

<div class="paragraphs"><p>اسمرتی مندھانا، تصویر سوشل میڈیا&nbsp;@BCCI</p></div>
i

ہرمن پریت کور کے تمام فارمیٹس میں کپتانی چھوڑنے کے بعد بی سی سی آئی نے منگل کو ہی اسمرتی مندھانا کو کپتان بنانے کا اعلان کر دیا۔ مندھانا اس سے قبل 18 ٹی-20 اور 4 ون ڈے مقابلوں میں ہندوستان کی کمان سنبھال چکی ہیں، لیکن اب زمبابوے سیریز سے اپنے کل وقتی دور کا آغاز کریں گی۔ بائیں ہاتھ کی سلامی بلے باز 2013 سے قومی ٹیم کا حصہ رہی ہیں اور انہوں نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو 2024 اور 2026 میں ویمنز پریمیئر لیگ کا خطاب اپنی کپتانی میں جتوایا ہے۔ سلامی بلے باز شفالی ورما کو 3 میچوں کی ٹی-20 سیریز کے لیے نائب کپتان بنایا گیا ہے، جبکہ آل راؤنڈر دیپتی شرما ونڈے فارمیٹ میں مندھانا کی نائب ہوں گی۔ ہرمن پریت دونوں ٹیموں کا حصہ بنی رہیں گی۔

ہندوستانی ٹیم کی کپتان بننے پر اسمرتی مندھانا نے کہا کہ ’’ہندوستانی ٹیم کی کپتانی کی ذمہ داری ملنا میرے لیے بہت خاص اعزاز کی بات ہے۔ میں بی سی سی آئی، سلیکٹرز، ساتھی کھلاڑیوں اور ان تمام لوگوں کی شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے پورے سفر میں میرا ساتھ دیا اور مجھ پر اعتماد کیا۔‘‘ انہوں نے ہرمن پریت کور اور دیگر کپتانوں کے تعاون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں اس کردار کے ساتھ آنے والی ذمہ داری کو سمجھتی ہوں اور ٹیم کے ساتھ کام کرنے اور ہندوستانی کرکٹ کو آگے لے جانے کے لیے اپنی بہترین کارکردگی پیش کرنے کی منتظر ہوں۔‘‘


واضح رہے کہ ایشین گیمز 2026 میں طلائی تمغہ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے مقابلے میں اس ٹیم میں 5 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔ نکی، انوشکا، جنتی مانی، پریما اور منو کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، جبکہ بھارتی پھولمالی، پرتیکا راول، رینوکا ٹھاکر، رادھا یادو اور شریانکا پاٹل کو باہر کر دیا گیا ہے۔ ونڈے سیریز کے لیے تیجل ہسبنیس اور سائیلی ستگھرے کی واپسی ہوئی ہے۔ دونوں کھلاڑی اس ہندوستانی ٹیم کا حصہ تھیں، جس نے رواں سال کے آغاز میں انگلینڈ کا دورہ کیا تھا۔ ہسبنیس نے انگلینڈ اے کے خلاف ایک ون ڈے میچ میں ناٹ آؤٹ 57 رنز بنائے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ ہندوستان اور زمبابوے کی خواتین ٹیموں کے درمیان رائے پور میں 16، 18 اور 20 اکتوبر کو 3 ٹی-20 میچ کھیلے جائیں گے، جس کے بعد وڈودرا میں 23، 25 اور 28 اکتوبر کو 3 ونڈے میچ کھیلے جانے ہیں۔

ہندوستان کی ٹی-20 ٹیم: اسمرتی مندھانا (کپتان)، شفالی ورما (نائب کپتان)، نکی پرساد، ہرمن پریت کور، انوشکا شرما، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، جی کملنی (وکٹ کیپر)، دیپتی شرما، پریما راوت، شری چرنی، نندنی شرما، کرانتی گوڑ، اروندھتی ریڈی، جنتی مانی کالیٹا، منو منی۔

ہندوستان کی ونڈے ٹیم: اسمرتی مندھانا (کپتان)، شفالی ورما، پرتیکا راول، ہرمن پریت کور، ہرلین دیول، تیجل ہسبنیس، دیپتی شرما (نائب کپتان)، رچا گھوش (وکٹ کیپر)، یستیکا بھاٹیہ (وکٹ کیپر)، ویشنووی شرما، نندنی شرما، شری چرنی، کرانتی گوڑ، سائیلی ستگھرے، رینوکا ٹھاکر۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔