سی جے آئی کو ’آپ اس عہدے پر رہنے کے اہل نہیں‘ بولنے والے وکیل کے خلاف بار ایسوسی ایشن نے دائر کیا توہین عدالت کا مقدمہ
سپریم کورٹ بار ایسوی ایشن نے عدالت کو بتایا کہ وکیل کے خلاف مجرمانہ توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی عرضی داخل کرنے کے لیے انہوں نے اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمانی سے اجازت لے لی ہے۔

چیف جسٹس آف انڈیا (سی جے آئی) سوریہ کانت کی عدالت میں کل ایک وکیل کی جانب سے کی گئی بدسلوکی کے معاملے میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے توہین عدالت کا مقدمہ داخل کیا ہے۔ بار ایسوسی ایشن نے عدالت کو بتایا کہ وکیل کے خلاف مجرمانہ توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی عرضی داخل کرنے کے لیے انہوں نے اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمانی سے اجازت لے لی ہے۔ بار ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے معاملہ چیف جسٹس کے سامنے رکھا اور آج ہی سماعت کی درخواست کی۔ سی جے آئی نے ان سے کہا کہ معاملہ مناسب بنچ کے سامنے کل سماعت کے لیے پیش کیا جائے گا۔
اٹارنی جنرل آر وینکٹ رمانی نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی سکریٹری پرگیہ بگھیل کو لکھے ایک خط میں وکیل کے رویے اور تبصروں کو انتہائی قابل اعتراض اور ناقابل معافی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ توہین عدالت ایکٹ 1971 کی دفعہ 15(1)(بی) کے تحت کارروائی کی رضامندی دینے کے لیے یہ ایک موزوں معاملہ ہے۔ دراصل پیر (16 نومبر) کو پروین سنگھل نامی ایک وکیل نے چیف جسٹس کی بنچ میں بدسلوکی کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ عہدے پر رہنے کے اہل نہیں ہیں۔ اس کے بعد سیکورٹی اسٹاف نے اس وکیل کو عدالت سے باہر کر دیا تھا۔
واضح رہے کہ کل سماعت کے دوران پروین سنگھل نے سی جے آئی سے ایک کیس میں سماعت کے لیے کہا۔ اس پر سی جے آئی نے کہا کہ ہم دیکھیں گے۔ وکیل نے انتظار کرنے سے انکار کر دیا اور کہا کہ معاملہ 2 نومبر کو سی جے آئی سوریہ کانت کو ان کے آفس میں دیا گیا تھا۔ 15 دن بعد بھی انہوں نے مجھے جواب نہیں دیا۔ اس لیے مجبور ہو کر اس عدالت کے سامنے آیا ہوں۔ اس پر جسٹس موہنا نے کہا کہ آپ اس طرح کچھ بھی ذکر نہیں کر سکتے ہیں۔ اس کے بعد وکیل نے کہا کہ میرے لیے یہ ایمرجنسی ہے، اس لیے آئے ہیں۔ اس پر سی جے آئی نے انتظار کے لیے کہا۔ اس کے بعد وکیل نے غصے میں آ کر کہا کہ ’’میں انتظار نہیں کروں گا۔ آپ کرسی پر نہیں بیٹھ سکتے، آپ اس کے لائق نہیں ہیں۔‘‘
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
