یوم آزادی کی تقریبات سے قبل دہلی میں 2 سے 16 اگست تک ڈرون اور چھوٹے فضائی آلات اڑانے پر پابندی
حکم نامہ میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ 2 اگست سے نافذ العمل ہوگا اور 16 اگست تک (دونوں دن شامل ہیں) 15 دنوں کی مدت کے لیے لاگو رہے گا یا جب تک کہ اسے واپس نہیں لے لیا جاتا۔

دہلی پولیس نے یوم آزادی کی تقریبات کے پیش نظر راجدھانی دہلی میں 2 سے 16 اگست تک ڈرونز سمیت تمام اقسام کے چھوٹے فضائی پلیٹ فارمز اڑانے پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ دہلی پولیس کمشنر انوراگ کمار کی جانب سے بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (بی این ایس ایس) 2023 کی دفعہ 163 کے تحت جاری کیا گیا یہ حکم نامہ 15 دنوں تک نافذ رہے گا، جس میں 15 اگست کی تقریب سے قبل اور فوراً بعد کی مدت شامل ہے۔
آفیشیل حکم نامے کے مطابق ایسی خبریں موصول ہوئی ہیں کہ کچھ مجرمانہ، سماج دشمن عناصر یا دہشت گرد غیر روایتی فضائی پلیٹ فارمز کا استعمال کرتے ہوئے عوام، معزز شخصیات اور اہم تنصیبات کی سیکورٹی کے لیے خطرہ پیدا کر سکتے ہیں۔ انٹیلی جنس ایجنسیوں سے ملنے والے اِن پُٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ سماج دشمن عناصر یا دہشت گرد ڈرونز اور دیگر چھوٹے فضائی پلیٹ فارمز کا استعمال کر کے عام لوگوں، وی آئی پی، حساس سرکاری عمارتوں اور یوم آزادی کی تقریبات کو نشانہ بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ ایسے کسی بھی خطرے کو پہلے ہی ختم کرنے کے لیے یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔
بی این ایس ایس کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے، دہلی پولیس کمشنر نے ہدایت دی ہے کہ نوٹیفائیڈ مدت کے دوران دہلی قومی راجدھانی کے علاقے (این سی ٹی) کے دائرہ اختیار میں کہیں بھی ان چیزوں کو اڑانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکم نامے میں کہا گیا کہ ’’میں یوم آزادی کی تقریبات-2026 کے موقع پر دہلی قومی راجدھانی علاقے کے اوپر پیرا گلائیڈرز، پیرا موٹرز، ہینگ گلائیڈرز، یو اے وی، یو اے ایس، مائیکرو لائٹ ایئر کرافٹس، ریموٹ کنٹرولڈ ایئر کرافٹس، ہاٹ ایئر بیلونز، چھوٹے سائز کے پاورڈ ایئر کرافٹس، کواڈ کاپٹر یا طیاروں سے پیرا جمپنگ جیسے غیر روایتی فضائی پلیٹ فارمز کی اڑان پر پابندی عائد کرتا ہوں۔‘‘
دہلی پولیس نے یہ بھی وارننگ دی ہے کہ مذکورہ ہدایت کی خلاف ورزی کرنے پر بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) 2023 کی دفعہ 223 کے تحت تعزیری کارروائی کی جائے گی۔ واضح رہے کہ یہ حکم نامہ 31 جولائی کو جاری کیا گیا تھا اور اس میں واضح کیا گیا ہے کہ یہ 2 اگست سے نافذ العمل ہوگا اور 16 اگست تک (دونوں دن شامل ہیں) 15 دنوں کی مدت کے لیے نافذ رہے گا یا جب تک کہ اسے واپس نہیں لے لیا جاتا۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
