بلقیس بانو کے مجرمین کی رہائی تشویشناک: شردپوار

شرد پوار نے کہا کہ گجرات کی بی جے پی حکومت نے بلقیس بانو کیس کے مجرمین کو رہا کر کے اور ان کی سرعام ستائش کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کے یہاں عورتوں کا کیا احترام ہے۔

شردپوار، تصویر یو این آئی
شردپوار، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

تھانے: وزیراعظم نریندر مودی نے 15/ اگست کوخواتین کی عزت و احترام کی جو باتیں کہیں اسے ہم نے غور سے سنا، جس ریاست سے نریندر مودی کا تعلق ہے اس کی حکومت نے ایک خاتون کے ساتھ درندگی کا مظاہر کرنے والے مجرمین کو رہا کر دیا، وزیر اعظم نریندر مودی نے لال قلعہ سے اپنی تقریر میں خواتین کی عزت واحترام کی جو باتیں کہیں اس کا عملی ثبوت گجرات حکومت نے بلقیس بانو کے مجرمین کو رہا کر کے دے دیا ہے، جو انتہائی افسوسناک ہے۔ وزیراعظم مودی اور بی جے پی پر یہ سخت تنقید آج یہاں این سی پی کے قومی سربراہ شردپوار نے ایک پریس کانفرنس میں کی ہے۔

شرد پوار نے ملک میں خواتین پر مظالم کی تعداد میں اضافہ ہونے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کی بی جے پی حکومت نے بلقیس بانو کیس کے مجرمین کو رہا کر کے اور ان کی سرعام ستائش کرکے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ان کے یہاں عورتوں کا کیا احترام ہے۔ عدالت نے ان مجرمین کو عمرقید کی سزاسنائی تھی لیکن گجرات حکومت نے انہیں رہا کر دیا۔ یہ بی جے پی کی سوچ کا مظہر ہے۔


شرد پوار نے کہا کہ مرکزی حکومت اس بات کی مسلسل کوشش کرتی رہتی ہے کہ غیر بی جے پی لیڈران کے خلاف کس طرح سی بی آئی، ای ڈی و دیگر ایجنسیوں کو لگایا جائے۔ ایسا نہیں ہے کہ یہ کوشش صرف اپنی ہی ریاست میں ہو رہی ہے بلکہ گجرات میں بھی ایسی ہی شکایتیں ہیں اور جھارکھنڈ میں بھی یہی ہو رہا ہے۔ جن ریاستوں میں بی جے پی کی حکومت نہیں ہے ان تمام ریاستوں میں جمہوری طریقے سے منتخب حکومتوں کو اقتدار سے بے دخل کرنے کی کوشش ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */