بابا صاحب کے پوتے کی ایس پی سربراہ سے ملاقات، امبیڈکر اور اکھلیش کے حق میں لگایا نعرہ
راج رتن امبیڈکر نے کہا کہ اکھلیش یادو پی ڈی اے کے تحت سب کو متحد کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں اگر میں اپنی زندگی میں چھوٹا سا بھی حصہ دار بن سکوں تو مجھے فخر ہوگا کہ آئین بچانے کی اس لڑائی میں ساتھ تھا۔

سماجوادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو کی جانب سے دادری میں ریلی کرکے اترپردیش اسمبلی انتخابات 2027 کی انتخابی مہم کا آغاز کئے جانے کے بعد سے ریاست کی سیاست میں تقریباً ہر روز کسی نہ کسی سیاسی سرگرمی کا مشاہدہ کیا جارہا ہے خاص طور سے اپوزیشن کی جانب سے اس میدان میں تیزی سے تبدیلیاں محسوس کی جارہی ہیں۔ حالانکہ انتخابات میں ابھی تقریباً ایک سال باقی ہے مگر سماج وادی پارٹی لگاتارعوام کے درمیان پہنچ کر حمایت حاصل کرنے میں مصروف ہوگئی ہے۔
اس دوران بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے پوتے راج رتن امبیڈکر نے سماج وادی پارٹی کے صدر اکھلیش یادو سے ملاقات کی ہے۔ اس سے ریاست کا سیاسی منظر پوری طرح گرم ہو گیا ہے۔ راج رتن امبیڈکر نے اس موقع پرنعرہ لگایا اور کہا کہ ’’ملے امبیڈکر اور اکھلیش ، کھل جائیں سادھوؤں کے بھیش‘۔ اس نعرے نے سماج وادی پارٹی کے کارکنان میں جوش بھرنے کا کام کیا ہے۔
امبیڈکر کے پوتے راج رتن امبیڈکر لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی کے دفتر میں منعقدہ عید ملن تقریب میں شامل ہوئے تھے جہاں انہوں نے ایس پی سربراہ اکھلیش یادو کے لیے اپنی حمایت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ اکھلیش یادو جی پی ڈی اے کے تحت سب کو متحد کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ اگر میں اپنی زندگی میں اس کے لیے چھوٹا سا بھی حصہ دار بن سکوں تو مجھے فخر ہوگا کہ آئین بچانے کی لڑائی میں ساتھ تھا۔
راج رتن امبیڈکر نے مزید کہا کہ ہم نے اس وقت کے نعرے سنے ہیں، میں انہیں دوبارہ نہیں لگانا چاہتا لیکن آج میں یہاں سے ایک نعرہ بلند کرنا چاہوں گا: ’’ملے امبیڈکر اور اکھلیش، کھل جائیں گے سادھوؤں کے بھیش‘۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی گوجیا سوائیں پروگرام پورے ملک میں ہونے چاہئیں تاکہ تقسیم کرنے والی طاقتوں کو بتاسکیں کہ ہم ہندوستان کے لوگ ایک ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر راج رتن امبیڈکر بدھسٹ سوسائٹی آف انڈیا کے قومی صدر اور ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کے پڑپوتے ہیں۔ ان کے سماج وادی پارٹی کے ساتھ آنے سے دلت ووٹروں پر بڑا اثر پڑے گا اور اکھلیش یادو کے پی ڈی اے نعرے کو بھی تقویت ملے گی۔ ایس پی سربراہ اکھلیش یادو اور راج رتن امبیڈکر کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر پارٹی نے پسماندہ طبقات اور دلتوں کے درمیان اتحاد کا مضبوط پیغام دینے کی کوشش کی ہے۔ اکھلیش یادو کے اس قدم سے مخالفین کے دلت ووٹ بینک کو بڑا نقصان پہنچنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے جس کا فائدہ آنے والے انتخابات میں سماج وادی پارٹی کو مل سکتا ہے
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔