بہار سے شروع ہوئی بی جے پی کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش، کے سی آر نے پٹنہ میں نتیش-تیجسوی سے کی ملاقات

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ بدھ کے روز پٹنہ پہنچے جہاں بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے گلدستہ پیش کر ان کا استقبال کیا، چندرشیکھر راؤ نے بہار کے نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو سے بھی ملاقات کی۔

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کا استقبال کرتے تیجسوی یادو
تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ کا استقبال کرتے تیجسوی یادو
user

قومی آوازبیورو

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کے. چندر شیکھر راؤ (کے سی آر) نے بدھ کے روز پٹنہ پہنچ کر بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کو لے کر کافی ہلچل دیکھنے کو مل رہی ہے۔ کہا جا رہا ہے کہ اس ملاقات سے بی جے پی کے خلاف اپوزیشن کو متحد کرنے کی کوشش کا آغاز ہو گیا ہے۔

تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ چندرشیکھر راؤ بدھ کے روز جب پٹنہ پہنچے تو وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے گلدستہ پیش کر ان کا استقبال کیا۔ اپنے بہار دورہ کے دوران کے سی آر گلوان وادی میں چین کے فوجیوں کے ساتھ ہوئے تشدد میں شہید بہار کے فوجیوں کے کنبہ سے بھی ملاقات کریں گے۔


بہرحال، تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ اور نتیش کمار کی ملاقات کے بعد بہار کی سیاست میں گہما گہمی دیکھنے کو مل رہی ہے۔ بی جے پی لیڈر سشیل کمار مودی نے بہار کے وزیر اعلیٰ و تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ پر طنز کستے ہوئے کہا ہے کہ دونوں لیڈروں کے درمیان مجوزہ میٹنگ ’دو خواب دیکھنے والوں کا ملن‘ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کے سی آر اور نتیش کمار اپنی اپنی ریاست میں مینڈیٹ گنوا چکے ہیں۔ یہ لوگ بدعنوان اور کنبہ پرور پارٹیوں کو ساتھ لے کر وزیر اعظم نریندر مودی کو شکست دینے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ بی جے پی لیڈر نے کہا کہ اپوزیشن اتحاد مینڈھک تولنے جیسا ہو گیا ہے۔ اپوزیشن کا ہر لیڈر خود کو وزیر اعظم میٹریل مان رہا ہے، جب کہ کانگریس راہل گاندھی پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔

یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ این ڈی اے سے جنتا دل یو کے رشتہ توڑنے کے بعد جنتا دل یو لیڈر نتیش کمار کو لگاتار وزیر اعظم کے عہدہ کے قابل قرار دیا جا رہا ہے۔ آر جے ڈی لیڈر اور تیج پرتاپ یادو بھی کہہ چکے ہیں کہ نتیش کمار لال قلعہ پر پرچم لہرائیں گے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔