اتر پردیش میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات کے آثار، چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار لکھنؤ پہنچے

چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار لکھنؤ پہنچ گئے ہیں اور ان کے ساتھ الیکشن کمیشن کا وفد بھی لکھنؤ پہنچ گیا ہے۔ اس دوران گیانیش کمار 20 اضلاع کے افسران، اسکولی طلباء اور پرنسپلس سے گفتگو کریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار / آئی اے این ایس</p></div>
i

اتر پردیش میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات کی قیاس آرائیاں ہو رہی ہیں، جس کے پیش نظر تیاریوں کا بھی آغاز ہو گیا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) گیانیش کمار لکھنؤ پہنچ گئے ہیں اور ان کے ساتھ الیکشن کمیشن کا وفد بھی لکھنؤ پہنچ گیا ہے۔ ان کا لکھنؤ میں 2 دنوں تک قیام رہے گا۔ اس دوران گیانیش کمار 20 اضلاع کے افسران، اسکولی طلباء اور پرنسپلس سے گفتگو کریں گے۔ وہ 120 اسمبلی حلقوں کے بوتھ لیول آفیسرز سے ووٹر لسٹ پر بات چیت کریں گے۔ لکھنؤ کے ’کولون تعلقیدارس کالج‘ میں جائیں گے، اور طلباء سے بات چیت کریں گے۔ واضح رہے کہ گیانیش کمار اس کالج کے طالب علم رہ چکے ہیں۔ طلباء سے گفتگو کے بعد وہ اندرا گاندھی پرتشٹھان کے جوپیٹر ہال میں منعقد مقامی پروگرام میں شامل ہوں گے۔

پیر کی صبح لکھنؤ پہنچنے پر گیانیش کمار نے کہا کہ لکھنؤ میری سرزمین رہی، یہاں میری تعلیم بھی ہوئی ہے۔ ہم اتر پردیش کے ووٹرز خصوصاً ہمارے بوتھ لیول افسران، جو جمہوریت کی بنیاد ہوتے ہیں، انہیں کچھ باتیں سمجھانے آئے ہیں۔ ریاست کی جتنی یونیورسٹیاں اور اسکول ہیں، وہاں انتخاب کی شفافیت اور مکمل مراحل سمجھانے کے لیے پروگرام ہوں گے۔ الیکشن کمیشن لکھنؤ، میرٹھ اور وارانسی میں 3 مقامی پروگرام منعقد کرے گا۔ پہلا پروگرام لکھنؤ میں پیر کے روز ہوگا۔ اس میں شاہ جہاں پور، ایودھیا، بارابنکی، سلطان پور، امیٹھی، گونڈہ، بہرائچ، مین پوری، کانپور شہر، کانپور دیہات، اوریا، ایٹاوا، قنوج، پرتاپ گڑھ، لکھنؤ، ہردوئی، کھیری، رائے بریلی، سیتا پور، اناؤ سمیت 20 اضلاع کے ڈپٹی ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر، ڈی آئی او ایس، میڈیا نوڈل آفیسر شامل ہوں گے۔


افسران کے علاوہ 20 اضلاع کی 120 اسمبلی نشستوں کے 440 تعلیمی اداروں کے 1500 طلباء اساتذہ اور پرنسپلز موجود ہوں گے۔ اس کے ساتھ ایڈیشنل چیف سکریٹری اور سیکنڈری، ہائر، ووکیشنل اینڈ اسکل ڈیولپمنٹ، ٹیکنیکل اور میڈیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے پرنسپل سکریٹری بھی موجود رہیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر منگل کے روز آئی جی پی میں بی ایل او کے ساتھ گفتگو کریں گے۔ اس میں 500 بی ایل او حصہ لیں گے۔ چیف الیکٹورل آفیسر رندیپ رنوا نے بتایا کہ اس کے بعد میرٹھ اور وارانسی میں بھی علاقائی پروگرام ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر کے ساتھ سینئر ڈپٹی الیکشن کمشنر منیش گرگ، ڈی جی میڈیا آشیش گوئل، ڈی جی آئی ٹی ڈاکٹر سیما کھنہ سیٹ اور دیگر سینئر افسران بھی ہوں گے۔

در اصل اترپردیش میں سابقہ اسمبلی انتخاب 2022 میں فروری سے مارچ کے درمیان، 7 مراحل میں منعقد ہوا تھا۔ اس سے قبل 2017 میں بھی فروری-مارچ کے دوران انتخاب کرائے گئے تھے۔ مارچ میں نئی حکومت تشکیل دی جاتی رہی ہے۔ اس بار فروری میں مردم شماری ہونی ہے۔ مردم شماری اور انتخاب دونوں ہی مرحلوں میں ٹیچرس اور سرکاری ملازمین کی مدد لی جاتی ہے۔ ایسے میں دونوں ایک ساتھ ہونا ممکن معلوم نہیں ہو رہا ہے۔ انتخاب اور مردم شماری میں سے کوئی پروگرام ٹالنا بھی مشکل معلوم ہوتا ہے۔ اگر ٹالا جاتا ہے تو پھر اسکول اور کالجوں کے امتحانات کا وقت آ جائے گا۔ اس لیے اس بات کی ضرورت ہے کہ انتخاب یا مردم شماری قبل از وقت کرائی جائے۔ مردم شماری پورے ملک میں ایک ساتھ ہونی ہے۔ اہم سیاسی پارٹیوں نے اپنی تیاریاں بھی تیز کر دی ہیں۔ پارٹیوں اور لیڈران کی جانب سے بھی پیغام دیا جا رہا ہے کہ انتخاب وقت سے پہلے ہو سکتا ہے۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔