اسمبلی انتخابات: مہاراشٹر، ہریانہ کے انتخابی نتائج کا اعلان آج، گنتی 8 بجے سے شروع

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پولنگ مراکز کے پاس سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: مہاراشٹر اور ہریانہ اسمبلی کے لئے پیر کو ہونے والے انتخابات کے ووٹوں کی گنتی سخت حفاظتی انتظامات میں آج کی جائے گی۔ مختلف ریاستوں کی اسمبلیوں کی 51 نشستوں کے لئے ہونے والے ضمنی انتخابات کے ووٹوں کی گنتی بھی آج ہی ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی صبح آٹھ بجے شروع ہوگی اور دوپہر تک رجحان آنے شروع ہو جائیں گے جبکہ شام تک زیادہ تر نشستوں کے نتيجے آجانے کی توقع ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹوں کی گنتی کے لئے تمام ضروری تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پولنگ مراکز کے پاس سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور اس کے آس پاس کے علاقوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔


پولنگ مراکز پر ہر دور کے نتائج کے اعلان کے لئے کافی انتظام کیے گئے ہیں اور میڈیا کے لئے بھی خصوصی انتظامات کیے گئی ہیں۔ ووٹنگ کے نتیجے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب رہیں گے اور کمیشن نے اس کے لئے ایک اپلی کیشن بھی بنائی ہے۔ کوئی بھی ووٹر اس اپلی کیشن پر انتخابات کے نتائج دیکھ سکتا ہے۔ پولنگ مراکز پر ووٹوں کی گنتی حکام، مبصرین اور سیکورٹی اور دیگر حکام کو تعینات کر دیا گیا ہے۔

مہاراشٹر میں 60 اور ہریانہ میں 65 فیصد سے زیادہ ووٹروں نے اپنے حق رائے دہی کا استعمال کیا تھا۔ مہاراشٹر کی 288 سیٹوں کے لئے 3000 سے زائد اور ہریانہ میں 90 نشستوں کے لئے 1100 سے زائد امیدواروں کی قسمت داؤ پر لگی ہے۔


مہاراشٹر میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور شیوسینا اتحاد اور کانگریس اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اتحاد کے درمیان بنیادی مقابلہ ہے۔ ہریانہ میں بی جے پی، کانگریس، جن نايك جنتا پارٹی اور عام آدمی پارٹی انتخابی میدان میں ہیں۔

ایگزٹ پول کے تخمینوں میں دونوں ریاستوں میں بی جے پی کو سبقت ملتی نظر آ رہی ہے۔ اس وقت دونوں ریاستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اس کے اتحاد کی حکومت ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 24 Oct 2019, 6:45 AM