رام مندر میں سی ای او کی بھرتی کے لیے درخواستیں طلب، 50 سے 70 سال کی عمر کے لوگ ہی اہل
چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے عہدے کے لیے 50 سے 70 سال کی عمر کے لوگ ہی اہل ہوں گے۔ جس امیدوار کا انتخاب کیا جائے گا، وہ 3 سال کے لیے اس عہدے پر فائز رہیں گے۔
ایودھیا رام مندر میں عطیات چوری کا معاملہ لگاتار سرخیوں میں بنا ہوا ہے۔ اس دوران مندر کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) کے لیے درخواستیں جاری کر دی گئی ہیں۔ اس عہدے کے لیے درخواستیں طلب کی گئی ہیں جس میں اہلیت کے ساتھ تمام معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کے لیے اہل اور خواہش مند امیدوار searchcommittee.srjbt@gmail.com پر ای میل کے ذریعے اپنی درخواست بھیج سکتے ہیں۔ درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 18 جولائی ہے۔
رپورٹس کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر کے عہدے کے لیے 50 سے 70 سال کی عمر کے لوگ ہی اہل ہوں گے۔ جس امیدوار کا انتخاب کیا جائے گا، وہ 3 سال کے لیے اس عہدے پر فائز رہیں گے۔ امیدواروں کی اہلیت کی بات کریں تو ان کے پاس گریجویشن کی ڈگری ہونا لازمی ہے۔ امیدوار کا مذہب کے لحاظ سے ہندو ہونا ضروری ہے۔ اس کے ساتھ ہی ہندی اور انگریزی کا بھی اچھا علم ہونا چاہیے۔ کسی بڑی کمپنی کے انتظامی فرائض میں کام کرنے کا کم از کم 20 سال کا تجربہ ہونا ضروری ہے۔
’رام جنم بھومی تیرتھ چھیتر‘ نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر ایک پوسٹ شیئر کی ہے، جس میں اس عہدے کے بارے میں تمام معلومات فراہم کی گئی ہیں۔ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ سی ای او کے عہدے پر تنخواہ کتنی ہوگی، یہ آپسی بات چیت کے بعد طے ہوگا۔ اس کے علاوہ مندر کے سی ای او کو کیا کیا سہولیات ملیں گی، اس کا فیصلہ بھی بعد میں ہی کیا جائے گا۔ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ جن لوگوں نے پہلے چیف ایڈمنسٹریٹو آفیسر کے طور پر کام کیا ہو یا کسی بڑے مندر/ہندو مذہبی ادارے کے مینجمنٹ کو سنبھالا ہو، انہیں ترجیح دی جائے گی۔ اس اہلیت کے حامل ریٹائرڈ افسران بھی درخواست دے سکتے ہیں۔
سی ای او کے عہدے کے لیے درخواست دینے کی آخری تاریخ 18 جولائی 2026، شام 4:00 بجے تک ہے۔ خواہش مند امیدواروں کو اپنی درخواست ای میل کے ذریعے searchcommittee.srjbt@gmail.com پر بھیجنی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی درخواست کے دوران امیدوار کو خود سے متعلق تمام معلومات اور دستاویزات بھی اپلوڈ کرنے ہوں گے۔ رام مندر کے سی ای او براہ راست جنرل سکریٹری کو رپورٹ کریں گے۔ تنظیم کے تمام قانونی، انتظامی اور مالیاتی امور کو انجام دینے کی ذمہ داری سی ای او کی ہوگی۔ اس کے ساتھ ہی سی ای او کو ٹرسٹ کی ضروریات اور اس کے مطابق کام کاج کے بہتر قوانین، طریقے اور نظام تیار کرنا ہوں گے۔ مالی لین دین، اکاؤنٹنگ سسٹم اور ادارے کی معلومات میں مکمل ایمانداری، شفافیت اور جوابدہی برقرار رکھنی ہوگی۔
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
